0
Wednesday 15 Nov 2017 14:31

موسم نے لی نئی انگڑائی، بارش، برف، ژالہ باری، سردی اپنے ساتھ لائی

موسم نے لی نئی انگڑائی، بارش، برف، ژالہ باری، سردی اپنے ساتھ لائی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں موسم نے ایک نئی کروٹ لی ہے اور مختلف علاقوں میں بارش، برفباری اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اسلام آباد، مری، گلیات، نتھیا گلی میں شدید بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔ بنوں اور چارسدہ میں شہر میں بارش کی وجہ سے 20 گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔ کالام، دیر لوئر میں پہاڑوں پر برفباری باری سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔ جنوبی اور شمالی وزیرستان کے علاقوں برمل، شوال اور رزمک میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ اورکزئی ایجنسی میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ سوات، پشاور، نوشہرہ میں ساری رات طوفانی بارش سے شہر میں جل تھل ہوگیا جب کہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ چترال کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہوئی اور لواری ٹاپ بند ہونے سے آمد و رفت معطل ہوگئی۔ دوسری جانب پھالیہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوگئی جب کہ ساہیو​ال شہر اور جی ٹی روڈ پر دھند کا راج قائم ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی۔ ادھر سندھ میں سکھر اور گرد و نواح میں گذشتہ روز ہونے والی پہلی بارش کے بعد سردی بڑھنے کی وجہ سے گرم ملبوسات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ گرچہ بارش، برفباری اور ژالہ باری کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا ہے تاہم بجلی کی تانکا جھانکی نے شہریوں کو سخت اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔ کئی شہروں میں بارہ بارہ گھنٹے سے بجلی غائب ہے جبکہ کچھ علاقوں میں موسم کو مورد الزام ٹھہرا کر واپڈا نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں دگنا اضافہ کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 683525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش