0
Thursday 16 Nov 2017 21:02

دیامر ڈیم منصوبے کو سی پیک سے نکال دیا گیا ہے، چیئرمین واپڈا

دیامر ڈیم منصوبے کو سی پیک سے نکال دیا گیا ہے، چیئرمین واپڈا
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا ہے کہ چین نے منصوبے کی فنڈنگ کیلئے سخت شرائط رکھ دیں جس کے تحت منصوبے کے مکمل اختیارات، آپریشن اور مینٹیننس سمیت دیگر سخت شرائط بھی رکھی گئی تھیں جو کہ حکومت پاکستان کے لئے ناقابل قبول تھیں اور اسی وجہ سے حکومت نے سی پیک سے دیامر ڈیم کو نکال دیا ہے۔ مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پی اے سی کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ منصوبے کو اقتصادی راہداری سے نکالنے کے حوالے سے سی پیک پر کام کرنے والی کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے نوٹس میں لایا جا چکا ہے۔ چین کی ناقابل قبول شرائظ کے پیش نظر وزیراعظم نے ایک سمری کی بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت دیامر ڈیم کیلئے حکومت نے خود فنڈنگ کا بندوبست کرنا ہے۔ چیئرمین واپڈا اور واٹر ریسورس سیکرٹری نے اہم منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بریفنگ دی ہے۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب اسی مہینے کی 21 تاریخ کو سی پیک کی جے سی سی کا ساتواں اجلاس اسلام آباد میں ہو رہا ہے اور اس اجلاس میں اہم امور پر پیشرفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان نے اپنے وسائل سے ڈیم منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت ہر سال 30 ارب روپے پی ایس ڈی پی فنڈ سے خرچ کئے جائیں گے۔ مطلوبہ فنڈز کا انتظام ہونے کی صورت میں 2018ء میں کام شروع کر دیا جائیگا۔ یاد رہے کہ گزشتہ 15 سالوں میں دیامر ڈیم منصوبے کا 5 بار افتتاح کیا جا چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 683801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش