QR CodeQR Code

سیاسی نابالغ بلاول اپنی سطح سے تجاوز نہ کریں اور سیاسی تعلیم و علاج معالجے پر توجہ رکھیں، قاری عثمان

16 Nov 2017 23:08

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) سندھ کے نایب امیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دینے والے چھوٹے بلاول اپنے والد کو مشورہ دیں کہ چاروں صوبوں کی نمائندگی کرنیوالی پیپلزپارٹی اب محدود ہو کر ایک علاقائی پارٹی بن رہی ہے، اس بھاری قیمت پر ملنے والی پارٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو یہ یاد رکھنا ہوگا کہ جب آپ کے والدین مشکل میں تھے، تو انکے ساتھ کون تھا؟ کس نے انہیں سہارا دیا تھا؟ کون انہیں مشکل میں چھوڑ گئے تھے؟ اور کس نے ساتھ دیا تھا، بلاول ابھی سیاسی نابالغ ہیں، وہ اپنی سطح سے تجاوز نہ کریں اور اپنی سیاسی تعلیم اور علاج معالجے پر توجہ رکھیں، مولانا فضل الرحمان سے انکے والد آصف علی زرداری نصیحت لیتے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے قاری عثمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دینے والے چھوٹے بلاول اپنے والد کو مشورہ دیں کہ چاروں صوبوں کی نمائندگی کرنے والی پیپلزپارٹی اب محدود ہو کر ایک علاقائی پارٹی بن رہی ہے، اس بھاری قیمت پر ملنے والی پارٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

قاری عثمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی بہرحال ایک سنجیدہ اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت تھی، اس بچگانہ طرز سیاست سے خود اسکی حیثیت مجروح ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی خوش فہمی کا شکار نہ ہو، آج مولانا فضل الرحمان پاکستان کے مفادات کے تحفظ کی جدوجہد کر رہے ہیں، اگر سنجیدہ سیاسی قیادت نے موجودہ حالات کی سنگینی کا احساس نہ کیا، تو وقت کسی کا انتظار نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو اپنے گھر کی فکر کرنی چاہئے، جمہوری نظام، سسٹم اور پاکستان کے مفادات کا تحفظ اگر کسی کو بچانا ہے، تو بلاول اپنے والد سے پوچھیں کہ اتنی بڑی بڑی قربانیاں کس لئے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا حال کل کا ماضی اور آئندہ کا مستقبل بلاول بھٹو زرداری سمجھیں، سب کچھ انکی سمجھ میں آجائے گا۔


خبر کا کوڈ: 683828

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/683828/سیاسی-نابالغ-بلاول-اپنی-سطح-سے-تجاوز-نہ-کریں-اور-تعلیم-علاج-معالجے-پر-توجہ-رکھیں-قاری-عثمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org