QR CodeQR Code

ایران جانیوالے زائرین کیلئے فیری سروس شروع کی جائے، علامہ نیاز نقوی

19 Nov 2017 18:43

علماء سے گفتگو میں ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ وزارت حج کو بھی اس طرف توجہ دینی چاہیے کہ عمرہ اور زیارات پر وہ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال عاشورہ محرم اور اربعین کے علاوہ سارا سال زیارات پر جانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے، یہ سب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نوٹس میں ہے، مگر مسائل ہیں کہ بڑھتے ہی جا رہے ہیں، متعلقہ اداروں کی توجہ نہیں ہو رہی، اس لئے بحری سروس شروع کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے مطالبہ کیا ہے کہ عراق اور ایران میں موجود مقدس مقامات میں اہل اسلام کی عقیدت و محبت کے پیش نظر پاکستان سے تفتان بارڈر کے زمینی راستے پر بوجھ کم کرنے کیلئے کراچی سے چاہ بہار بندرگاہ تک بحری سروس کا آغاز کیا جائے۔ لاہور میں علماء سے گفتگو میں انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے تفتان بارڈر پر زائرین نجف و کربلا اور مشہد کیلئے سہولیات کی فراہمی اور تعمیرات کا حکم دینے اور مشکلات کو حل کرنے کیلئے حج آپریشن کی طرز پر زیارات کیلئے بھی انتظامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 3 سال سے عملے کی نااہلی کے باعث زائرین کیلئے تفتان بارڈر پر مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حتٰی کہ نوبت احتجاج اور سڑکیں بلاک کرنے تک آگئی، امیگریشن کے عملہ زائرین سے جاتے اور آتے ہوئے بدسلوکی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، حتٰی کہ زائرین سے رشوت لینے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ وزارت حج کو بھی اس طرف توجہ دینی چاہیے کہ عمرہ اور زیارات پر وہ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال عاشورہ محرم اور اربعین کے علاوہ سارا سال زیارات پر جانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے، یہ سب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نوٹس میں ہے، مگر مسائل ہیں کہ بڑھتے ہی جا رہے ہیں، متعلقہ اداروں کی توجہ نہیں ہو رہی، اس لئے بحری سروس شروع کی جائے۔ جو پہلے پاکستان اور ایران کے درمیان کے بات چیت ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام پر کربلا میں 3 کروڑ سے زائد افراد نے حاضری دی، جن میں سے 40 ہزار سے زائد پاکستانی تفتان کے راستے گئے اور فضائی راستوں سے جانے والوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ اس لئے حکومت زمینی راستے سے واپس آنیوالے زائرین کیلئے انتظامات ابھی سے کرے، تاکہ مسائل نہ ہوسکیں۔


خبر کا کوڈ: 684400

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/684400/ایران-جانیوالے-زائرین-کیلئے-فیری-سروس-شروع-کی-جائے-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org