0
Sunday 19 Nov 2017 18:58
ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ، سپریم ادارے شوریٰ عالی اور آئی ایس او پاکستان کا مشترکہ اجلاس

مجلس وحدت مسلمین نے ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مدد مانگ لی

24 نومبر کو لاہور میں آل پاکستان شیعہ پارٹیز کانفرنس طلب، قومی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اہم لائحہ عمل کا اعلان ہوگا
مجلس وحدت مسلمین نے ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مدد مانگ لی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نون لیگ کے نااہل حکمران ملک کو انتشار کی طرف لے جا رہے ہیں، مقتدر اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس نازک صورتحال میں ایسے غیر قانونی اقدامات کیخلاف اپنا کردار ادا کریں، ملت جعفریہ کو حب الوطنی اور امن پسندی کی سزا دی جا رہی ہے، سید ناصر شیرازی ایک قومی سیاسی مذہبی جماعت کے اہم رہنما ہیں، اگر ایسی شخصیات کو تحفظ دینے میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے ناکام ہیں تو عام عوام کا اللہ ہی حافظ ہے، ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس ایجنڈے کے پیچھے بین الاقوامی قوتیں ملوث ہیں، ہم مملکت خداداد پاکستان کو کسی بھی عرب ریاست کی کالونی نہیں بننے دینگے، پاکستان کی سالمیت کو خطرہ امریکہ اور ان کے اتحادیوں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید ناصر شیرازی اس مادر وطن کا باوفا بیٹا ہے، وہ ہمیشہ ملک دشمنوں کیخلاف سینہ سپر رہے، ان کو اسی جرم کی پاداش میں عرب ممالک اور انڈیا کے کاسہ لیسی کرنیوالی حکمران جماعت نے اغوا کیا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ناصر شیرازی کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور چیف جسٹس اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملت جعفریہ کیخلاف محاذ کھولنے سے باز رہے، ہمیں ظلم جبر سے دبانے کی کوشش کرنیوالے ہماری تاریخ سے نابلد ہیں، ہم 14 سو سال سے اپنے دشمن کو رسوا کرتے آ رہے ہیں اور آئندہ بھی کسی دشمن کو سر اُٹھانے کی اجازت نہیں دینگے۔ اجلاس سے مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان انصر مہدی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا سید ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کے ایجنڈے کو ان شاء اللہ جلد بے نقاب کریں گے، ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل کیخلاف کارروائی کریں اور ملک کو کسی نئے بحران کی طرف دھکیلنے سے روکیں، پنجاب حکومت اس ظلم کی ذمہ دار ہے، ہم کسی بھی صورت اس ظالمانہ اقدامات کو قبول نہیں کریں گے اور سید ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، پوری ملت جعفریہ حکومت وقت کی اس ظالمانہ اقدامات کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
خبر کا کوڈ : 684404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش