QR CodeQR Code

جے یو پی (نورانی) اول دن سے علامہ خادم رضوی کے مطالبات کی حمایت کر رہی ہے، یونس دانش

19 Nov 2017 23:58

اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ختم نبوت قوانین سے متعلق راجہ ظفر الحق کی قیادت میں ہونے والی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد یونس دانش نے کہا ہے کہ ختم نبوت قوانین سے چھیڑ چھاڑ کرکے 22 کروڑ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والے چالبازوں کو حکومت بے نقاب کرے، جے یو پی اس سال میلاد النبیؐ کو عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے جذبے کے تحت منائے گی۔ حیدرآباد کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یونس دانش نے کہا کہ ختم نبوت قوانین سے متعلق راجہ ظفر الحق کی قیادت میں ہونے والی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، تاکہ آئندہ کسی کو ختم نبوت اور عظمت مصطفیٰ ؐ کے قوانین سے کھیلنے کی جرأت نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کلیدی عہدوں باالخصوص تعلیمی اداروں میں تعینات قادیانیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے، ملک بھر میں قادیانی تنظیموں کو دیئے جانے والے اسکولز واپس لئے جائیں، منکرین ختم نبوت کسی رعایت کے مستحق نہیں، اسلامی اشعار اور دین میں فتنہ گری کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈاکٹر یونس دانش نے کہا کہ حکومت کی گود میں بیٹھ کر عقیدہ ختم نبوت کے قوانین میں ڈاکہ زنی کرنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں، اب وہ مفاد پرست اپنے جرم کو چھپانے کیلئے ختم نبوت قوانین کی بحالی پر کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، قوم ان بہروپیوں کو پہچان چکی ہے، جو اپنے مفادات کے حصول کیلئے عقیدہ ختم نبوت قوانین کی تبدیلی پر خاموش تماشائی بنے رہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے دھرنے پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا تو پورے ملک کے عاشقان رسول حکومت کی اینٹ سے انیٹ بجا دیں گے، علامہ خادم حسین رضوی کے مطالبات قوم کی امنگوں کے ترجمان ہیں، جے یو پی اول دن سے اس کی حمایت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے یو پی اس سال میلاد النبیؐ کو عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے عزم کے جذبہ کے تحت منائے گی۔


خبر کا کوڈ: 684471

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/684471/جے-یو-پی-نورانی-اول-دن-سے-علامہ-خادم-رضوی-کے-مطالبات-کی-حمایت-کر-رہی-ہے-یونس-دانش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org