QR CodeQR Code

کراچی کے شہریوں کو آزادانہ ووٹ کا حق ملا تو پی پی سب سے بڑی جماعت ہوگی، بلاول بھٹو زرداری

20 Nov 2017 15:18

جہانگیر پارک کراچی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ دنیا میں گلوبل وارمنگ ایک تھریٹ ہے، لیکن سندھ حکومت نے گلوبل وارمنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے کام کئے ہیں، سولر انرجی پر کام کیا ہے، پانی کی نہروں کو پکا کیا جا رہا ہے، اسی طرح دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کراچی کے شہریوں کو آزادانہ ووٹ کا حق استعمال کرنے دیا گیا تو اس شہر میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہانگیر پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 20 کروڑ روپے کی لاگت سے جہانگیر پارک کی تزئین و آرائش کا کام کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس طرح کے پارکس کی ضرورت تھی، یہ نوجوانوں کے لئے سندھ حکومت کی اچھی کاوش ہے، جس پر سندھ حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں گلوبل وارمنگ ایک تھریٹ ہے، لیکن سندھ حکومت نے گلوبل وارمنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے کام کئے ہیں، سولر انرجی پر کام کیا ہے، پانی کی نہروں کو پکا کیا جا رہا ہے، اسی طرح دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے تعلیم کے میدان میں بھی اچھا کام کیا ہے، بائیو میٹرک سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو نے جہانگیر پارک کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور تزئین و آرائش کے کاموں کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 684567

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/684567/کراچی-کے-شہریوں-کو-آزادانہ-ووٹ-کا-حق-ملا-پی-سب-سے-بڑی-جماعت-ہوگی-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org