QR CodeQR Code

اربعین 2017ء، نجف تا کربلا سفر عشق کے دوران پول نمبر 270 پر موکب پاکستان "خیمہ گاہِ حسینی"، مختصر رپورٹ

20 Nov 2017 22:28

موکب پاکستان خیمہ گاہِ حسینی میں زائرین کرام کیلئے 13 صفر سے 18 صفر تک قیام و طعام٬ عزاداری٬ تربیتی پروگرامات اور طبی سہولیات کا اہتمام کیا گیا۔ زائرین امام حسینؑ نے موکب خیمہ گاہ حسینی کے انتظامات اور پروگرامات پر بہت اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا۔


اسلام ٹائمز۔ اربعین حسینی نجف تا کربلا سفر عشق 2017ء کے دوران پول نمبر 270 پر موکب پاکستان خیمہ گاہِ حسینی کا قیام عمل میں لایا گیا، جس میں زائرین کرام کیلئے 13 صفر سے 18 صفر تک قیام و طعام٬ عزاداری٬ تربیتی پروگرامات اور طبی سہولیات کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان کے معروف خطباء نے مجالس عزا سے خطاب کیا، جس میں مولانا سید علی مرتضٰی زیدی٬ مولانا حیدر عباس عابدی٬ مولانا ڈاکٹر عقیل موسٰی اور مولانا نصرت بخاری شامل تھے۔ پاکستان کے معروف نوحہ خوانوں جن میں شجاع رضوی٬ علی صفدر رضوی، شادمان رضا٬ دستہ امامیہ آئی ایس او کراچی کے احمد ناصری اور مختلف شہروں سے آئے ہوئے منقبت خواں٬ نوحہ خواں اور ماتمی انجمنیں شامل تھیں، بی بی زہراء (س) کو انکے مظلوم لالؑ کا پرسہ دیا۔

صبح٬ دوپہر اور رات کو زائرین کیلئے نذر حسینی کا اہتمام کیا گیا اور پورے دن پاکستانی چائے سے زائرین کی پذیرائی کی گئی۔ نماز کے اوقات میں باجماعت نماز کا قیام کیا گیا اور اسکے علاوہ مقصد قیام حسینی اور زائرین کی رہنمائی کیلئے لیکچررز اور تبلیغی بروشرز تقسیم کئے گئے۔ واقعہ کربلا سے درسِ عبرت حاصل کرنے کیلئے زائرین کرام کیلئے بصیرت افروز تصویری نمائش بھی لگائی گئی۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے زائرین امام حسینؑ نے، جن میں کئی نامور سیاسی اور سماجی شخصیات شامل تھیں، کثیر تعداد میں موکب خیمہ گاہ حسینی پر قیام کیا اور خادمین زائرین کو اپنی خدمت کا موقع دیا۔ زائرین امام حسینؑ نے موکب خیمہ گاہ حسینی کے انتظامات اور پروگرامات پر بہت اطمینان و خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا۔


خبر کا کوڈ: 684658

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/684658/اربعین-2017ء-نجف-کربلا-سفر-عشق-کے-دوران-پول-نمبر-270-پر-موکب-پاکستان-خیمہ-گاہ-حسینی-مختصر-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org