QR CodeQR Code

کراچی، اسٹار گیٹ پر احتجاجی مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ، 15 افراد زخمی

25 Nov 2017 16:22

اسٹار گیٹ پر صورتحال نہایت کشیدہ ہوگئی۔ مظاہرین نے پولیس کا گھیراؤ کرکے ایک موبائل کو یرغمال بنا لیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کرنے کے ساتھ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ہے، جس سے پندرہ مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ 5 افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد آپریشن کے خلاف شہر قائد میں نمائش چورنگی سمیت مختلف مقامات پر دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، اسٹار گیٹ پر احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے پندرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اسلام آباد آپریشن کے خلاف بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ اسٹار گیٹ پر صورتحال نہایت کشیدہ ہوگئی۔ مظاہرین نے پولیس کا گھیراؤ کرکے ایک موبائل کو یرغمال بنا لیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کرنے کے ساتھ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ہے، جس سے پندرہ مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ 5 افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ مظاہرین پولیس کی شیلنگ کے باعث مزید مشتعل ہوگئے ہیں اور احتجاجاً سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کے ٹائر سے ہوا نکالنی شروع کر دی ہے۔ ناگن چورنگی پر بھی مظاہرین نے احتجاج کرکے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ہے، جبکہ فائرنگ سے ایس ایچ او میمن گوٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ نمائش چورنگی پر مذہبی جماعتوں کا دھرنا بھی جاری ہے اور مظاہرین نے اسلام آباد دھرنے کی قیادت سے فون پر بھی رابطہ کیا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔ نمائش چورنگی پر دھرنے کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کیلئے بند کر دی ہے۔ جس کے باعث مظاہرین کو منتشر کرانے کیلئے دھرنے کے اطراف مختلف تھانوں کی موبائلیں اور پولیس افسران و اہلکار پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

اب تک دھرنے کے اطراف 6 پولیس موبائلیں اور پولیس اہلکار پہنچ چکے ہیں۔ جب کہ دھرنے کی جگہ پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے واٹر کینن بھی پہنچا دی گئی ہے۔ تاہم دھرنے کے شرکا نے پولیس کو پُرامن رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ٹریفک پولیس نے کیپری سینما سے نمائش جانے والی ٹریفک کو سولجر بازار کی جانب موڑ دیا ہے اور گرو مندر سے نمائش جانے والے ٹریفک کو نوائے وقت چوک سے پیپلزسیکریٹریٹ کی جانب بھیجا جارہا ہے۔ دوسری جانب شہر قائد کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کسی کو اپنا احتجاج کرنے کی اجازت ہے، تاہم کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر کراچی اور آئی جی پولیس کو معاملات ٹھیک کرنے اور شہر میں ٹریفک کلئیر کرانے کا حکم دے دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ احتجاج کے باعث کسی بھی شہری کیلئے مشکلات پیدا نہ ہوں۔


خبر کا کوڈ: 685671

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/685671/کراچی-اسٹار-گیٹ-پر-احتجاجی-مظاہرین-پولیس-کی-شیلنگ-اور-ہوائی-فائرنگ-15-افراد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org