0
Friday 29 Apr 2011 07:10

حکمرانوں نے غیروں کی جنگ میں شامل ہو کر پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا ہے، اسداللہ بھٹو

حکمرانوں نے غیروں کی جنگ میں شامل ہو کر پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا ہے، اسداللہ بھٹو
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کارساز کے علاقے میں نیوی کی بس پر حملے کی سخت مذمت اور انسانی جانوں کے زیاں پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ آٹھ دنوں میں کراچی میں دہشت گردی کا یہ چوتھا واقعہ ہے جبکہ دو دن قبل بھی نیوی کی بس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا،کراچی میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کی وارداتیں ایک طرف حکومتی نااہلی و خراب کارگردگی کی نشاندہی کرتی ہیں تو دوسری طرف ان واقعات میں بیرون ملک کے خفیہ ہاتھ کے ملوث ہونے کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پرست اور غیروں کے غلام حکمرانوں نے نام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ اسٹیٹ کا کردار ادا کرکے عملاً پورے ملک کو میدان جنگ بنا دیا ہے۔ کراچی سمیت ملک میں ہونے والی دہشت گردی و تخریبی کاروائیوں میں سی آئی اے، را، موساد اور بلیک واٹر جیسی بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیمیں ملوث ہیں۔ وہ اپنے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے اس طرح کے افسوس ناک سانحات کے ذریعے ایک طرف ملک میں افراتفری، کراچی کا امن تباہ اور معاشی طور پر بدحال کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اور ملک کیخلاف ہونے والی سامراجی سازشوں کو ناکام بنانا پوری قوم کی ذمہ داری ہے، تاہم حکمرانوں کو غیروں کی جنگ سے علیحدگی کا اعلان کرکے اپنی تمام تر پالیسیاں ملک و قوم کے مفاد کے مطابق بنانا ہونگی تب ہی اس دہشت گردی کا خاتمہ، ملک میں استحکام اور عوام سکھ کا سانس لے سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 68591
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش