0
Tuesday 28 Nov 2017 22:26
ایران کی بحری فوج ملکی دفاع کے فرنٹ لائن پر ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی سے ایرانی بحریہ کے کمانڈروں کی ملاقات

رہبر معظم انقلاب اسلامی سے ایرانی بحریہ کے کمانڈروں کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ ایران کی بحریہ کے کمانڈروں، ذمہ دار عہدیداروں اور جوانوں نے منگل کو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ آیت اللہ امام خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری فوج کے اعلیٰ عہدیداروں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحری فوج ملکی دفاع کے فرنٹ لائن پر ہے اور مستقبل میں بھی رہنا چاہئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں سات آذر مطابق اٹھائیس نومبر کو بحریہ کی شجاعت و فداکاری اور سربلندی کا افتخار آفریں دن قرار دیا۔

آپ نے فرمایا کہ صدام کی مسلط کردہ جنگ کے دوران سات آذر تیرہ سو انسٹھ ہجری شمسی مطابق اٹھائیس نومبر انیس سو اسّی کو ایرانی بحریہ کی دلیرانہ کاروائیوں نے سمندر پر دشمن کے تسلط کا خاتمہ کر کے اپنی بے مثال شجاعت، دلیری اور توانائیوں کا ثبوت پیش کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس جذبے کے تحفظ کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ راہ خدا میں شہادت نقصان نہیں بلکہ نعمت و غنیمت ہے اور حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے بقول جس قوم میں جذبہ شہادت ہو وہ دوسروں کی اسیر نہیں ہو سکتی۔

آپ نے فرمایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ماضی کی طرح بحریہ بین الاقوامی سمندری حدود میں موجود رہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے بحریہ کی پیشرفت و ترقی کو قابل تعریف قرار دیا اور فرمایا کہ پیشرفت و ترقی کی یہ سطح قابل تعریف ضرور ہے لیکن اسی پر اکتفا نہیں کرنا چاہئے بلکہ یہ سلسلہ جاری رکھے جانے کی ضرورت ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج ایرانی بحریہ پچھلے بیس سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور اور جدید ترین وسائل سے لیس ہے تاہم تمام شعبوں میں عزم و حوصلے اور بلند ہمت کے ساتھ تیزی رفتاری سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ۷ آذر مطابق 11 نومبر کو یوم بحریہ کی مناسبت سے ہونے والی اس ملاقات میں آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بحری صنعت کے کلیدی کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے ملک کے پاس وسیع آبی سرحدیں ہیں اور جہاز رانی کے شعبے میں وطن عزیز کے پاس طویل تجربہ بھی موجود ہے، لہذا اسلامی جمہوریہ کی بحریہ کی طاقت و توانائی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اللہ کی راہ میں شہادت انسان کے لئے خسارہ نہیں ہے بلکہ غنیمت ہے جیسے کہ امام خمینی رح نے فرمایا کہ جس قوم کو شہید ہونا آئے وہ کبھی اسیر نہیں ہوتی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بحری فوج کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: "بحری فوج 20 سال پہلے کے مقابلے میں کافی طاقتور بن چکی ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔"
خبر کا کوڈ : 686367
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش