0
Friday 1 Dec 2017 12:55

حضرت محمدﷺ اس اُمت پر الله تعالیٰ کا احسان عظیم اور خاتم رسالت و نبوت ہیں، پرویز خٹک

حضرت محمدﷺ اس اُمت پر الله تعالیٰ کا احسان عظیم اور خاتم رسالت و نبوت ہیں، پرویز خٹک
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حضرت نبی رحمتﷺ کی ولادت با سعادت پر خوشی کا اظہار آپؐ سے تعلق کی پختگی کا مظہر ہے۔ حضرت محمدﷺ اس اُمت پر الله تعالیٰ کا احسان عظیم اور خاتم رسالت و نبوت ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت پر ہی ایمان کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ آج تک جس نے جب بھی عقیدہ ختم نبوت کو چھیڑنے کی مذموم کوشش کی ذلت و رسوائی اس کا مقدر بنی۔ خاتم النبینؐ کی محبت ایمان کا بنیادی تقاضا اور آپؐ کا اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کیلئے عملی نمونہ ہے۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلٰی نے پاکستان اور بالخصوص پختونخوا کی عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریمﷺ کی آمد پر پوری دُنیا میں ایک جشن کا سماں ہوتا ہے، ہم اس نعمت عظمٰی پر جس قدر بھی خوشی اور تشکر کا اظہار کریں اس کا حق ادا نہیں کرسکتے۔ آپ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔ آپ ؐ کا خطبہ حجتہ الوداع ایسا منشور ہے جو رہتی دنیا تک نہ صرف مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے انسانوں کی رہنمائی کا سر چشمہ ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ رحمت، عالمؐ کی تعلیمات کا کرشمہ تھا جس نے سب کو ایک صف میں کھڑا کرکے آقا و غلام کا فرق مٹا دیا اور بلِا امتیاز رنگ و نسل فلاح انسانیت کا پابند بنا دیا جس کی بدولت اسلام دنیا کے کونے کونے تک پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت کا یہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ آپؐ انسانیت کے نجات دہندہ اور حقیقی محسن ہیں۔
خبر کا کوڈ : 686916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش