0
Friday 1 Dec 2017 13:31

کشمیری نظربندوں پر حملوں کیخلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ

کشمیری نظربندوں پر حملوں کیخلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ دہلی کے تہار اور کٹھوعہ جیل جموں میں کشمیری نظربندوں پر مبینہ قاتلانہ حملوں کے خلاف جامع مسجد سرینگر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر لوگوں نے احتجاجی دھرنا دیا۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر بیسیوں لوگ جامع مسجد کے باہر جمع ہوئے اور نوہٹہ چوک تک جلوس نکالا۔ مظاہرین نے تہار جیل دہلی اور کٹھوعہ جیل جموں میں کشمیری نظربندوں پر کئے گئے مبینہ قاتلانہ حملوں کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین جموں و کشمیر سے باہر کی جیلوں میں مقید نوجوانوں کو کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ احتجاج میں غلام نبی زکی، محمد رفیق اویسی، نور محمد کلوال، مشتاق احمد صوفی، محمد یوسف نقاش، شیخ عبدالرشید، ایڈوکیٹ یاسر رؤف دلال، امتیاز حیدر، محمد جمال بچھو، مدثر ندوی، عمر عادل ڈار، محمد یاسین، فاروق احمد سوداگر، غلام محمد ڈار، رمیز راجہ نے شرکت کی۔

مظاہرین نے جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف ریاستوں کی جیلوں بشمول تہاڑ جیل، کھٹوعہ، ادھمپور، کورٹ بلوال وغیرہ میں مقید کشمیری سیاسی نظربند مزاحمتی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ظلم و زیادتی اور غیر انسانی سلوک روا رکھنے اور ان کی حالت زار پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان قیدیوں کے تئیں جیل حکام کے ناروا سلوک کو حقوق بشر کے عالمی اداروں کے لئے چشم کشا قرار دیا۔ مظاہرین نے کہا کہ کشمیری سیاسی محبوسین کوئی عادی مجرم نہیں ہیں بلکہ کشمیر میں عوامی سطح پر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان ہیں اور جیل حکام کی جانب سے ان لوگوں کے ساتھ جس قسم کا برتاؤ کیا جارہا ہے اور ان کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے وہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔
خبر کا کوڈ : 686918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش