0
Friday 1 Dec 2017 15:05

خیبر پختونخوا میں عید میلادالنبیﷺ عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

خیبر پختونخوا میں عید میلادالنبیﷺ عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں عیدد میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے اور اس حوالے سے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 21 توپوں کی سلامی دے کر دن کا آغاز کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں تمام مسلمانوں نے جشن عید میلاد النبیﷺ کے شایان شان انعقاد کیلئے بھرپور تیاریاں کیں، جبکہ جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔ نبی پاکﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے، جبکہ گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو  برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلٰی خیبر پرویز خٹک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہم رسولﷺ کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی لے کر امن اور بھائی چارے کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں تفرقہ پھیلانے، نفاق پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنے اور اقلیتوں کے حقوق کی پاس داری کرنے کی بھی اپیل کی۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر جلسے جلسوں اور محفلوں کی حفاظت کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے مرکزی جلوسوں کے روٹ پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے بچنے کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جو رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 686936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش