0
Friday 1 Dec 2017 16:18
سیرت النبی(ص) پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے دہشتگردی، انتہا پسندی، کرپشن، اقربا پروری سمیت تمام برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، طاہرالقادری

لاہور، عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس، علماء و رہنماؤں کے روح پرور خطابات

لاہور، عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس، علماء و رہنماؤں کے روح پرور خطابات
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو، جماعت اسلامی کے فرید پراچہ سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، سکھ، ہندو اور پارسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سرور کائنات حضرت محمد مصطفی کی ذات بابرکات پوری کائنات کیلئے رحمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی(ص) پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے دہشتگردی، انتہا پسندی، کرپشن، اقربا پروری سمیت تمام برائیوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم (ص) نے پوری زندگی انسانیت سے محبت کا درس دیا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اسلام کا خوبصورت چہرہ بگاڑنے کیلئے ہی دہشت گردی کا فروغ دیا گیا، دہشتگردوں کا تعلق اسلام سے نہیں بلکہ اسلام دشمن قوتوں کے پیدا کردہ یہ دہشتگرد اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے، اور فطرت تصادم کو پسند نہیں کرتی، اسلام دین محبت ہے، جو نفرت کا پرچار کرے یا نفرت کو فروغ دے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھائی چارے کو فروغ دیں۔ عقیدہ ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ظالم و جابر اور قاتل حکمرانوں نے جان بوجھ پر عقیدہ ختم نبوت میں ترمیم کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا، حکمرانوں نے عقیدہ ختم نبوت کو چھیڑ کر اپنی سیاسی موت کا سامان کر لیا ہے۔ اب ان کا اقتدار نہیں بچے گا۔

امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ شجر اسلام کی 2 شاخیں شیعہ اور سنی ہیں، دونوں میں اتنے اختلافات نہیں کہ نوبت قتل و غارت پر آ جائے۔ لیکن منظم سازش کے تحت تکفیریت کو فروغ دیا گیا، اور شیعہ اور سنی کو آپس میں لڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کیخلاف فتوی دے کر اسلام حقیقی اور جعلی اسلام میں حد فاصل کھینچ دی۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری بے نقاب ہو چکے ہیں اور واضح ہو گیا ہے کہ اسلام دشمن ہی تھے جنہوں نے مسلمانوں میں فتنے کو فروغ دیا۔ اب دہشت گرد اور ان کے سرپرست بے نقاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان کی ترقی اس طرح ہی ممکن ہے جب شیعہ اور سنی مل کر کام کریں گے۔ وحدت کو فروغ دے کر انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ کے ہیرو نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا نے اپنے خطاب میں کہا کہ رہبر کائنات حضرت محمد مصطفی(ص) کی سیرت بہترین نمونہ عمل ہے۔ ان کی سیرت پر عمل کرکے معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ مانڈلا منڈیلا نے کہا کہ مجھے پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، یہ ملک اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، اسے اسلامی اصولوں کے مطابق ہی دنیا میں ایک مثالی ریاست کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما میاں منظور احمد وٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کا اقتدار قادیانی نواز پالیسیوں کے باعث ختم ہونیوالا ہے، ان حکمرانوں کو اب اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، مودی کے یاروں کا جگہ اقتدار کے ایوانوں میں نہیں بلکہ جیلوں میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 686949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش