0
Saturday 2 Dec 2017 19:41
انڈیا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کیخلاف زبردست لابنگ کر رہا ہے

ملی مسلم لیگ کی تائید کرتا ہوں، عام انتخابات میں ایم این اے کا الیکشن لڑونگا، حافظ سعید کا اعلان

ملی مسلم لیگ کی تائید کرتا ہوں، عام انتخابات میں ایم این اے کا الیکشن لڑونگا، حافظ سعید کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں جماعت الدعوۃ کے مرکز القادسیہ میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید نے کہا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کی سیاسی جدوجہد کی تائید کرتا ہوں، سال 2017ء کشمیر کے نام کرنے پر نظربند کیا گیا، 2018ء بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے نام کرتے ہیں، پورے ملک میں کشمیر کانفرنسوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا، بھارت چاہتا ہے ہم کشمیر کی بات کرنا چھوڑ دیں، حکومت پر دباﺅ بڑھایا جا رہا ہے، حالات خواہ کیسے بھی کیوں نہ ہوں؟ مظلوم کشمیریوں کی مدد و حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیک چینل ڈپلومیسی سے مسئلہ کشمیر کا ہمیشہ نقصان ہوا ہے، میری رہائی پر بھارت کو بہت تکلیف ہوئی، انڈیا میں اس وقت بھی ماتم کی کیفیت ہے۔ حافظ سعید نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر عروج پر تھی، میں نے اسلام آباد میں حریت کانفرنس کے مرکزی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سال 2017ء کو کشمیر کے نام کیا اور ملک گیر سطح پر بڑے پروگراموں کا آغاز کیا تو انڈیا کو یہ بات برداشت نہیں ہوئی اور اس نے امریکہ کے ذریعے پاکستان پر دباﺅ بڑھانا شروع کر دیا، میں سمجھتا ہوں کہ یہی وہ چیز تھی جو میری نظربندی کی بنیاد بنی، پاکستان میں میری اور کشمیر میں حریت قائدین کی نظربندیاں بین الاقوامی ایجنڈے کا حصہ تھی، اس سے جدوجہد آزادی کشمیر کا بہت نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری رہائی پر بھارت میں صف ماتم کی کیفیت ہے، اترپردیش سمیت دیگر علاقوں میں بھارتی مسلمانوں کی جانب سے خوشیاں منائی گئیں۔ انڈیا میں پاکستانی پرچموں کا لہرایا جانا میں تحریک آزادی کشمیر کیلئے اچھی بات سمجھتا ہوں، بھارت نے کشمیر میں ظلم بند نہ کیا تو کشمیر کی تحریک کمزور ہونے کی بجائے اور زیادہ پھیلے گی، انڈیا بین الاقوامی سطح پر زبردست لابنگ کر رہا ہے، ہماری وزارت خارجہ کو بھی دنیا بھر میں اپنے سفارتی ڈیسک کو متحرک کرتے ہوئے انڈیا کی دہشتگردی کو بے نقاب کرنا چاہیے۔ اس سوال کے جواب میں کہ آپ ملی مسلم لیگ کی سیاست کو کیسے دیکھ رہے ہیں تو حافظ سعید کا کہنا تھا کہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ملک میں سیاسی کردار ادا کر رہی ہے، میں ان کی تائید کرتا ہوں، الیکشن لڑنے کے بار ے میں سوچ بچار کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے واضح فیصلے موجود ہیں کہ جماعۃ الدعوة کیخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہے اور اسے ملک میں رفاہی، فلاحی و سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، حال ہی میں لاہور ہائیکورٹ کے ریویو بورڈ نے بھی صاف طور پر کہا ہے کہ حکومت میرے کیخلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، اسی بنیاد پر میری رہائی کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہمیں یکسو ہو کر کام کرنا چاہیے، ہمیں آپس کے اختلافات کا شکار نہیں ہونا، حکومت، فوج اور عوام کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، انڈیا یکطرفہ دوستی کی آڑ میں کشمیر پر اپنا فوجی قبضہ مستحکم اور ہمارا پانی مکمل طور پر روکنا چاہتا ہے، کشمیر ہماری بقا کا مسئلہ ہے۔ اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ واضح رہے کہ حافظ سعید کی نظر بندی ختم کر دی گئی ہے اور انہیں رہا کر دیا گیا تھا جبکہ دوسری جانب جماعت الدعوة نے حافظ سعید کا نام دہشتگردوں کی فہرست نکالنے کیلئے اقوام متحدہ میں درخواست بھی دائر رکھی ہے، تاہم اب انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 687233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش