0
Thursday 7 Dec 2017 23:27

شیعہ علماء کونسل سندھ کا کراچی سمیت صوبے بھر میں امریکا مخالف احتجاج کا اعلان

شیعہ علماء کونسل سندھ کا کراچی سمیت صوبے بھر میں امریکا مخالف احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ ہم امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے پر امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس اعلان کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہیں، ایس یو سی سندھ کی جانب سے ٹرمپ کے اس بیان کے خلاف صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے، کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ بعد نماز جمعہ خوجہ مسجد کھارادر کے باہر منعقد کیا جائے گا۔ اپنے بیان میں علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بچکانہ بیان سے دنیا بھر میں پائی جانے والی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا، مذاکراتی عمل میں بھی مزید کشیدگی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول مسلمانوں کا مرکز ہے اور مسلمان کسی صورت بھی اپنے قبلہ اول کی آزادی سے دستبردار نہیں ہونگے اور اپنی اس جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے اس بیان نے یہ بات مسلمانوں پر ثابت کر دی ہے کہ دنیا بھر کے امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکا اور اسرائیل ہیں، اس بیان نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ ٹرمپ ذہنی مریض ہے،۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ مختلف ممالک کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے خلاف عوامی ردعمل نے یہ بات ظاہر کر دی ہے کہ مسلمان متحد اور متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو چاہیئے کہ امریکا کے اس بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے امریکا کو اس اقدام سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے، یہ بیان عالمی امن کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ صوبائی صدر ایس یو سی سندھ نے کہا کہ بیت المقدس فلسطینی عوام کی سرزمین ہے اور اس کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
خبر کا کوڈ : 688470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش