QR CodeQR Code

بنوں، 5 ماہ سے تنخواہوں سے محروم میونسپل کمیٹی کے درجہ چہارم ملازمین کا احتجاج

8 Dec 2017 11:54

بنوں پریس کلب کے سامنے احتجاج کے دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک طرف آرام دہ کرسیوں اور ماحول میں بیٹھے افسران کو تو تنخواہیں بروقت ادا کی جارہی ہیں، تاہم تپتی دھوپ میں جھاڑو دینے اور صفائی کرنیوالے غریب ملازمین کو محروم رکھا جارہا ہے جو اس نچلے طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ 5 ماہ سے تنخواہوں سے محروم بنوں کی میونسپل کمیٹی کے درجہ چہارم کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بنوں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹی ایم اے نے ان کی 3 ماہ جبکہ ڈبلیو ایس ایس پی نے 2 ماہ کی تنخواہیں روک رکھی ہیں، جس کیوجہ سے غریب ملازمین فاقے کاٹنے اور بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوکاندار اور ڈاکٹرز بھی انہیں مزید سودا سلف یا دارو دوا دینے سے انکاری ہوگئے ہیں جبکہ ان کے بچوں کا سلسلہ تعلیم بھی متاثر ہوا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک طرف آرام دہ کرسیوں اور ماحول میں بیٹھے افسران کو تو تنخواہیں بروقت ادا کی جارہی ہیں، تاہم تپتی دھوپ میں جھاڑو دینے اور صفائی کرنے والے غریب ملازمین کو محروم رکھا جارہا ہے جو اس نچلے طبقے کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ افسران کے گھروں میں چوکیداری یا محافظت کرنے والے میونسپل ملازمین کو تنخواہ باقاعدگی سے مل رہی ہے۔ اس موقع پر مظاہرین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کل ٹریفک جام ہڑتال کرنے کی دھمکی بھی دی۔


خبر کا کوڈ: 688522

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/688522/بنوں-5-ماہ-سے-تنخواہوں-محروم-میونسپل-کمیٹی-کے-درجہ-چہارم-ملازمین-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org