0
Friday 8 Dec 2017 19:45

ایم کیو ایم سے بے دخل سلمان بلوچ پی ایس پی میں شامل

ایم کیو ایم سے بے دخل سلمان بلوچ پی ایس پی میں شامل
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پارٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے محروم ہونے والے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ فاروق ستار کو نہ چاہتے ہوئے بھی ایم کیو ایم پاکستان کا سربراہ تسلیم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے۔ یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے رواں سال 20 اکتوبر کو اپنے ہی رکن اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت خارج کردی تھی۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے تنظیمی ڈسپلینری کمیٹی کی سفارش پر رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کو تنظیمی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بنیادی رکنیت سے خارج کردیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ سلمان مجاہد کا اب ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں شامل ہونے والوں کا سلسلہ رکا نہیں بلکہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی کانفرنس کے بعد ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنوں کے علاوہ دیگر عام افراد بھی مسلسل ہمارے پاس آرہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ حق کی جیت ہورہی ہے اور باطل مٹ رہا ہے۔ پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے چائنا کٹنگ کرکے اپنی پارٹی بنائی اور اب ایم کیو ایم کے جلسوں میں کونسلرز بھی پورے نہیں آرہے۔ سابق میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ موجودہ میئر کراچی کو ساڑھے 5 ارب روپے ملے ہیں لیکن ان سے پوچھو تو ایک اسکیم نہیں بتاسکتے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر حکومت کو ٹھوس قدم اٹھانا چاہیئے کیونکہ دین کی بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور حکومت دباؤ کا انتظار کئے بغیر فوری طور پر اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 688586
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش