QR CodeQR Code

ایران مسلم ممالک کے درمیان بہتر اور مضبوط تعلقات چاہتا ہے، مہدی ہنر دوست

9 Dec 2017 15:09

کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہویئ ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت میں اضافہ ہورہا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطہ بڑھانا چاہتے ہیں، سی پیک منصوبہ اچھا ہے اس سے پوری دنیا تجارتی فائدہ اٹھا سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ ایران، امریکا اور دیگر ملکوں کے دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے خطے میں تعاون اور تجارت کا خواہشمند ہے، ایران کی سرزمین کبھی بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، اگرچہ جس بندرگاہ کا افتتاح کیا گیا ہے اس میں بھارت اور افغانستان بھی شامل ہیں، لیکن پاکستان کی اپنی اہمیت ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ہم سب سے زیادہ اسلامی رشتے کو اہم سمجھتے ہیں اور نہیں چاہتے ہیں کہ کسی بھی مسلم ممالک کو تنہا کیا جائے۔ کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ حال ہی میں آپریشنل ہونے والی بندرگاہ چاہ بہار خطے میں تجارت بڑھانے میں معاون اور مددگار ثابت ہوگی، ایران مسلم ممالک کے درمیان بہتر اور مضبوط تعلقات چاہتا ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطہ بڑھانا چاہتے ہیں، سی پیک منصوبہ اچھا ہے اس سے پوری دنیا تجارتی فائدہ اٹھاسکتی ہے، لیکن خطے کے ممالک کے لئے منصوبہ زیادہ سودمند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چاہ بہار بندرگاہ کا منصوبہ دیر سے مکمل ہونے کی اہم وجہ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیاں ہیں، لیکن ہم نے امریکہ کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اس منصوبے کو مکمل کیا ہے، ہمیں خطے کے ممالک کا مفاد عزیز ہے۔


خبر کا کوڈ: 688784

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/688784/ایران-مسلم-ممالک-کے-درمیان-بہتر-اور-مضبوط-تعلقات-چاہتا-ہے-مہدی-ہنر-دوست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org