0
Tuesday 12 Dec 2017 18:07

آئی ایس او پاکستان کا سال رواں کو خود سازی اور استحکام تنظیم کے عنوان سے منانے کا اعلان

آئی ایس او پاکستان کا سال رواں کو خود سازی اور استحکام تنظیم کے عنوان سے منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے تنظیم کے مرکزی دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او رواں سال کو سال خود سازی اور استحکام تنظیم کے نام سے منائے گی۔ انہوں نے کہا جیسا کہ آئی ایس او پاکستان کا نصب العین تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد (ص) کے مطابق نوجوان نسل کی زندگیوں کو استوار کرنا ہے، اس کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان خود سازی کے عمل سے ضرور گزریں، جیسا کہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ اصلاح کی ابتدا اپنی ذات سے کرنی چاہئے، یعنی ہمیں خود اپنے اوپر پہلے توجہ دینی چاہئے، خود سازی کا پہلا اور اہم ترین قدم یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو، اپنے اخلاق کو اور اپنے کردار کو تنقیدی نگاہ سے دیکھے۔ مرکزی صدر نے کہا کہ ملک کے حکمران پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست کی بجائے لبرل اسٹیٹ بنانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، جو نظریہ پاکستان کے برعکس ہے۔ خود شناسی، شجاعت اور بصیرت جیسی خصوصیات کے حامل آئی ایس او کے کارکنان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں، جو ملک کے اندرونی و بیرونی دشمنوں سے نبرد آزما ہیں۔

انصر مہدی کا کہنا تھا کہ اگر ہم دور حاضر کا جائزہ لیں تو سامراجی طاقتیں دنیا والوں پر زیادتی اور ظلم کر رہی ہیں اور اس پر بہت سی اقوام اپنی خاموشی سے اپنے ہاتھوں اپنی ذلت و رسوائی کے اسباب فراہم کر رہی ہیں، معاشرے میں ستم و جارحیت، جھوٹ اور فریب ہے، تو یہ سب انسان کے پاکیزہ نہ ہونے اور اس بات کا نتیجہ ہے کہ انسانوں نے اپنا تزکیہ اور خود سازی نہیں کی، اس لئے آئی ایس او پاکستان نے اس سال کو سال خود سازی کے عنوان سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی صدر نے کہا ہم یہ سمجھتے ہیں کہ خود سازی کے بعد ہی ایک صالح نوجوان تنظیم اور معاشرے کیلئے اپنا کلیدی کردار کرسکتا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کے نوجوان ہمیشہ سے ہی ملت تشیع پاکستان کیلئے مثالی اور تاریخی کردار رکھتے ہیں، خود سازی کے عمل کے بعد یہی نوجوان ملت کی مضبوطی کیلئے نمایاں کردار ادا کریںگے۔ خود سازی کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے سال بھر تربیتی ورکشاپس، سیمینار اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 689018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش