0
Monday 11 Dec 2017 06:03

شام، صوبہ حماہ کے شمال میں النصرہ فرنٹ کو داعش کے ہاتھوں سنگین شکست کا سامنا

داعش کے دہشتگرد صوبہ ادلب کی سرحد سے 6 کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ گئے
شام، صوبہ حماہ کے شمال میں النصرہ فرنٹ کو داعش کے ہاتھوں سنگین شکست کا سامنا
اسلام ٹائمز۔ گذشتہ ایک ماہ میں دہشت گرد گروہ داعش نے صوبہ حماہ کے شمال میں موجود ایک دوسرے دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے خلاف شدید حملوں کے ذریعے ان کے زیر قبضہ 29 قصبوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبہ حماہ کے شمال میں دو دہشت گرد گروہوں النصرہ فرنٹ اور داعش کے درمیان شدید جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں، اطلاعات کے مطابق ان جھڑپوں میں النصرہ فرنٹ کے 20 اور داعش کے 15 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دہشت گرد گروہ داعش کے افراد النصرہ فرنٹ کے ساتھ شدید لڑائی کے ان قصبوں ﴿ ابو حبہ، ابو عجوہ اور ویلج بن ھیب﴾ میں اپنی پوزیشنیں مستحکم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور اب وہ صوبہ حماہ کے شمالی محور سے صوبہ ادلب کی سرحد کی طرف صرف 6 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔ گذشتہ ایک ماہ میں دہشت گرد گروہ داعش نے صوبے حماہ کے شمال میں موجود دوسرے دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے ساتھ شدید جھڑپوں میں انہیں شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں النصرہ فرنٹ کے زیر قبضہ 29 قصبوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے؛ ان میں سے ﴿سورج، طوال الدباغین، ابو خنادق، ابومرو، علی و عطشانه﴾ اہم قصبے شمار ہوتے ہیں، جو اب دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے میں آچکے ہیں۔ قصبہ ابوعجوہ میں داعش کی ایک چھاپہ مار کارروائی میں النصرہ دہشت گرد گروہ کے 38 افراد ہلاک ہوگئے؛ ابواللیت الصنعانی کہ جو النصرہ فرنٹ کے اہم کمانڈروں میں سے تھا، صوبہ حماہ کے شمال میں داعش کے ایک حملہ میں ہلاک ہوگیا۔

صوبے حماہ کے شمال میں مختلف محاذوں پر سنگین شکست سے دوچار ہونے والے دہشتگرد گروہ النصرہ فرنٹ نے داعش کے پے درپے حملوں کو ناکام بنانے کے لئے صوبہ ادلب کے جنوبی علاقوں سے اپنے مزید ساتھیوں کو بلا لیا ہے۔ گذشتہ ہفتوں کے دوران صوبہ حماہ کے شمال میں سنگین شکستوں کے بعد دہشتگرد گروہ جبھۃ النصرہ کے دیگر دہشتگرد گروہوں (احرار الشام و جند الاقصٰی) کے ساتھ اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، ان باہمی اختلافات کے اثرات میدان جنگ میں بھی محسوس کئے جاسکتے ہیں۔ دوسری جانب قصبہ السعن کے شمال سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دہشتگرد گروہوں کے خلاف جاری آپریشن بھی سستی کا شکار ہے اور مقاومتی فورسز نہایت احتیاط کے ساتھ «شاکوسیه اور الرهجان» قصبوں کی طرف پیش قدمی کر رہی ہیں۔ ادھر میدان جنگ میں شام کی فوج اور مقاومتی فورسز نے روسی جنگی طیاروں کی پشتیبانی کے ذریعے اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے شدید جھڑپوں کے بعد صوبہ ادلب کے جنوب کے قصبوں «ام خزیم، بلیل» کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ ان علاقوں کی آزادی کے ساتھ ہی «شطیب، رویضه و المشرفه» کے قصبے بھی مقاومتی فورسز کی مکمل دسترسی میں آگئے ہیں۔ اس آپریشن کے دوران دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کے 30 افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں جبکہ 5 افراد کو مقاومتی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 689202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش