0
Monday 11 Dec 2017 21:01

اسماعیلی مکتب فکر کے روحانی پیشواء کا دورہ گلگت، دو لاکھ سے زائد پیروکاروں نے دیدار کیا

اسماعیلی مکتب فکر کے روحانی پیشواء کا دورہ گلگت، دو لاکھ سے زائد پیروکاروں نے دیدار کیا
اسلام ٹائمز۔ شش امامی شیعہ اسماعیلی کے روحانی پیشواء پرنس کریم آغا خان نے ضلع غذر کی وادی تحصیل میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پیروکاروں کو دیدار سے نوازا۔ وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر یاسین کے گاوں طاوس میں بنائے گئے پنڈال پہنچ گئے، جہاں رات گئے تک اسماعیلی رضاکاروں نے ایک لاکھ سے زائد عقیدت مندوں کو دیدار کرایا۔ اپنے مریدوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ ہم اس موقع پر اپنی جماعت کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ دیگر برادریوں کے ساتھ مل کر کام کریں اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے دور حاضر میں ای سی ڈی تعلیمی پروگرام پر زور دیا جبکہ اپنے مریدوں کو نصیحت کیا کہ وہ ہر قسم کی منشیات سے خود کو دور رکھیں۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارے ادارے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان اور ملک کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عالم اسلام میں امن، اخوت اور بھائی چارے کی دعا دی اور کہا کہ وہ ہر وقت اپنے عقیدت مندوں کے ساتھ ہیں۔ یاسین میں دیدار کے انتظامات کرنے پر اسماعیلی کونسلات، رضاکاروں اور تمام سرکاری انتظامات کی تعریف کی۔ 

یاسین میں امام شاہ کریم الحسینی کے دورے کے موقع پر انتہائی سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔ پنڈال کے قریبی عمارتوں کی چھتوں اور پنڈال کے چاروں اطراف پاک فوج، رینجرز، جی بی اسکاوٹس، جی بی پولیس کے علاوہ ہزاروں اسماعیلی رضاکار تعینات تھے۔ یاسین طاوس میں بنائے گئے پنڈال میں ایک لاکھ سے زائد اسماعیلی مریدوں نے شرکت کی۔ شدید سردی کے باوجود ضلع غذر کے تمام علاقوں میں بسنے والے اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے اپنے گھروں کو تالے لگا کر یاسین میں قیام کیا۔ جہاں یاسین کے تمام گاوں کے مکینوں نے انتہائی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہوں کو وقف کردیا اور دل کھول کر خاطر داری کی۔ یاسین میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے غذر پولیس کے ساتھ اسماعیلی وولنٹیئرز اور بوائے اسکائوٹس نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ سکیورٹی کے نظام کو فول پروف بنانے کیلئے صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری، ڈی سی غذر، ایس ایس پی غذر نے بھرپور کردار ادا کیا۔

غذر کی طرح ہنزہ میں بھی اپنے امام کے دیدار کیلئے ہزاروں افراد امڈ آئے۔ گزشتہ روز ہزہائینس پرنس کریم آغا خان نے ہنزہ کا دورہ کیا۔ ایک لاکھ سے زائد مریدوں نے اپنے روحانی پیشواء کا دیدار کیا۔ پرنس کریم آغا خان جب ہنزہ علی آباد ہیلی پیڈ پہنچے تو گورنر جی بی میر غضنفر علی خان، رکن اسمبلی پرنس میر سلیم خان، رانی عتیقہ، صدر اسماعیلی کونسل ہنزہ شریف خان، آئی جی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے استقبال کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ہنزہ میں دربار کے موقع پر پرنس کریم آغا خان نے اپنے مریدوں کو ملک کے ساتھ وفاداری، امن، بھائی چارہ، رواداری کا درس دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے وفادار رہیں اور قانون کی پاسداری کریں۔ قیام امن، اتفاق اور اتحاد میں اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے خطاب میں پرنس کریم آغا خان نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کے ساتھ بھائی کی طرح رہیں اور امن و سلامتی کا پیغام دیں۔ دوسری جانب ہزہائینس پرنس کریم کی دیدار کیلئے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد ہنزہ آئے تھے۔ لوگوں کا جوش ولولہ قابل دید تھا۔ دن بھر گہما گہمی رہی، سکیورٹی اداروں کے ساتھ مقامی رضاکاروں نے بھی سکیورٹی کے انتظامات میں حصہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 689309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش