0
Tuesday 12 Dec 2017 11:10

مہمند ایجنسی کے عوام کا بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف ورسک روڈ پر مظاہرہ

مہمند ایجنسی کے عوام کا بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف ورسک روڈ پر مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف مچنی مہمند ایجنسی کے عوام نے ورسک روڈ پشاور پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ وزیر اعظم اوروفاقی وزیرپانی و بجلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کی قیادت مہمند ایجنسی کے سماجی رہنما گل نواز خان مہمند کررہے تھے جبکہ مظاہرین نے واپڈا اور ٹیسکو حکام کیخلاف شدیدنعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ورسک ڈیم مہمند ایجنسی کی اراضی پر بنا ہے لیکن اس کے باوجود مچنی کے مختلف علاقوں بھائی کور، کادوکور، ڈب کورونہ، راول کور، موصل کور، شیرانوکلے اور قاسم خیل ودادوخیل کے دیگر علاقوں میں چوبیس گھنٹوں میں صرف دو یا تین گھنٹے بجلی ہوتی ہے۔ وفاقی حکومت نے اعلان کیا کہ لوڈشیڈنگ زیروپر آگئی ہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ مہمند عوام کا حق چھین کر پنجاب، اسلام آباد اور دیگرعلاقوں کو دیا جارہا ہے جو قبائلی عوام کیساتھ ناانصافی ہے۔ جس پر علاقے کے منتخب نمائندوں نے بھی خاموشی اختیارکر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورسک ڈیم کی رائلٹی مہمند ایجنسی کے عوام کو نہیں دی جارہی جبکہ بجلی بھی فراہم نہیں کی جا رہی جس سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے مہمندایجنسی سمیت دیگر قبائلی علاقوں کو مکمل طور پر نظرانداز کیاجس سے ان علاقوں کے مسائل بڑھ گئے۔مظاہرین نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی، گورنر خیبر پختونخوا اور واپڈا چیف سمیت ٹیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے ورنہ عوام شدید احتجاج پر مجبور ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 689413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش