QR CodeQR Code

کوئٹہ، امریکہ کیجانب سے بلوچستان پولیس کو 6 بکتر بند گاڑیوں کا عطیہ

12 Dec 2017 11:37

کوئٹہ میں بلوچستان پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب میں امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس کے افسران کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ ظاہر کرتی ہے کہ بلوچستان میں پولیس کو کتنے سخت خطرات در پیش ہیں۔ اسی لئے ہمیں سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کے مختلف طریقے اختیار کرنے سے غافل نہیں رہنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور پولیس کی جان و مال کی حفاظت کے لئے 6 بکتر بند گاڑیوں کا عطیہ دے دیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے ایک تقریب میں 15 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی 6 بکتر بند گاڑیاں (APVs) بلوچستان پولیس حکام کے حوالے کیں۔ امریکی کمپنی لینکو کی تیار کردہ یہ گاڑیاں بلوچستان کی دشوار گزار راستوں کے لحاظ سے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہیں، جن کی مقامی طور پر دیکھ بھال اور مرمت آسان ہوگی۔ بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ امریکی حکومت نے بلوچستان پولیس کو حال ہی میں 4 ہزار بلٹ پروف جیکٹیں، بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کرنے والے آلات، بم پروف سوٹ اور بم پروف کمبل بھی عطیہ کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 70 کروڑ روپے سے زائد تھی۔ کوئٹہ میں بلوچستان پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب میں امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس کے افسران کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ ظاہر کرتی ہے کہ بلوچستان میں پولیس کو کتنے سخت خطرات در پیش ہیں۔ اسی لئے ہمیں سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت کے مختلف طریقے اختیار کرنے سے غافل نہیں رہنا چاہیئے۔ امریکی حکومت کو امید ہے کہ یہ بکتر بند گاڑیاں اور حفاظتی ساز و سامان جرائم اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے بہادر پولیس اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ یاد رہے امریکی محکمہ خارجہ کا انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفور سمنٹ بیورو 90 سے زائد ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کرپشن، منشیات سمیت دیگر جرائم کے خاتمے اور پولیس کی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ادارہ شفاف قانونی اور عدالتی نظام کے فروغ کے لیے بھی کوششیں کرتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 689433

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/689433/کوئٹہ-امریکہ-کیجانب-سے-بلوچستان-پولیس-کو-6-بکتر-بند-گاڑیوں-کا-عطیہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org