0
Tuesday 12 Dec 2017 15:23

شمالی وزیرستان واقعے پر وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی مذمت

شمالی وزیرستان واقعے پر وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت سیاسی رہنماؤں نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم پاکستان نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن کیلئے سب سے قیمتی اثاثے کی قربانی دی ہے، دشمن عناصر کے خلاف بہادر افواج کی خدمات قوم کبھی نہیں بھلا سکتی۔ وزیراعلٰی پنجاب نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم کو شہید عبدالمعید اور شہید بشارت کی بہادری پر فخر ہے، پوری قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان ثناءاللہ زہری نے شمالی وزیرستان میں فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے اظہارا فسوس کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ وزیر دفاع نے بھی شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کی بہادری اور جرت کو سلام اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونےدیں گے، جبکہ بزدلانہ کارروائیاں بہادر جوانوں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ یاد رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں پہاڑوں میں چھپے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے افسر سمیت دو جوان شہید ہوگئے تھے، شہید ہونے والے سکینڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بوریوالہ ضلع وہاڑی سے ہے، جنہوں نے حال ہی میں پی ایم اے کورس پاس کیا تھا جب کہ دوسرے شہید جوان سپاہی بشارت کا تعلق گلگت کے گاؤں دینور سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 689489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش