0
Wednesday 13 Dec 2017 16:43

کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں، عمران خان

کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں۔ کراچی میں تاجر برادری کی تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تمام ادارے تباہ کردیئے ہیں، میرے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے، وزیراعظم اور وزراء کرپشن کریں تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں، 21 سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہا ہوں، حکمران پیسے چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں لیکن آج تک کسی نے منی لانڈرنگ کی بات نہیں کی، سپریم کورٹ نے انہیں سسلین مافیا ٹھیک کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کراچی معاشی حب ہے، اس کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہم تاجر برادری کو پارٹنر سمجھتے ہیں کیونکہ صنعتوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہمیں تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے ہوں گے، ایسا کرنے سے بے روزگاری پر قابو پایا جاسکے گا۔ ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم پر احتجاج کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بھی کئی احتجاج ہوئے لیکن کسی پر ڈنڈے نہیں چلائے، یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، مسلم لیگ (ن) کو یہ جواب دینا ہوگا کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کسے خوش کرنے کے لئے کی گئی۔ ظفرالحق کمیٹی نے اپنی رپورٹ جلد پیش نہ کی تو یہ معاملہ آگے بھی چلے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان ترقی کے میدان میں بہت آگے تھا لیکن پھر یہ پیچھے چلا گیا کیونکہ حکمرانوں نے قلیل مدتی منصوبے بنائے گئے، جس کی وجہ سے کرپشن بڑھی جب کہ چین نے طویل مدتی منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ بعد ازاں عمران خان قائد آباد پہنچے جہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی صحیح معنوں میں بلدیاتی نظام نہیں بنا، بلدیاتی نظام کی بہتری تک نظام درست نہیں ہوسکتا، کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں، یہاں فنڈز چوری کئے جاتے ہیں، سڑکوں کی حالت خراب ہے، جو رقم بلدیاتی کاموں میں خرچ ہونی چاہیئے وہ وزیروں کی جیبوں میں چلی جاتی ہے، ہم اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ، حقیقی بلدیاتی نظام نافذ اور کراچی میں ایڈمنسٹریشن کے نظام کو تبدیل کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 689733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش