0
Wednesday 13 Dec 2017 22:52

روپے کی گرتی قدر نے حکمرانوں کے معاشی دعووں کی قلعی کھول دی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

روپے کی گرتی قدر نے حکمرانوں کے معاشی دعووں کی قلعی کھول دی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستانی روپے کی قدر گرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے اس ملک کو معاشی اعتبار سے تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ملک کی مضبوط معیشت کے تمام تر دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ پاکستانی روپے کی گرتی ہوئی قدر ملک میں ناقابل برداشت مہنگائی کا سبب بنے گی، جس کے ذمہ دار وہ حکمران ہیں، جنہیں ان کی کرپشن کے باعث عدالتیں نااہل قرار دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، بدامنی، عدم تحفظ، مہنگائی ،بےروزگاری، کرپشن اور لاقانونیت کے عفریت نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ یہ تمام تحفے نواز شریف اینڈ کمپنی کے دیئے ہوئے ہیں۔ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے خواب دکھانے والوں نے اس قوم کو سوائے دھوکے کے اور کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت میں ڈالر کی قیمت 66 روپے ہے جبکہ پاکستان میں نااہل اور بددیانت حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث یہ قیمت 112 روپے تک جا پہنچی ہے۔ جس کا سارا نزلہ غریب عوام پر گرے گا۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ایک نااہل اور عدالت کو مطلوب شخص ابھی تک وزارت خزانہ کے منصب پر فائز ہے، جو پاکستانی عوام کے ساتھ ایک سنگین اور بھیانک مذاق ہے۔ وطن عزیز کے یہ ’’خدائی خدمتگار‘‘ اس ملک کو اقتصادی طور پر تباہ حال کرکے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند شہروں میں پرتعیش سفری سہولیات دے کر عوام کے بےوقوف بنانے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے حکمرانوں کے پاس کوئی لائحہ عمل سرے سے موجود نہیں۔ محض اعداد و شمار کے ہیر پھیر سے عوام کو خوش کرنے والے حکمرانوں کی اصلیت پاکستانی کرنسی کی گراوٹ سے کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے قومی انتخابات میں نون لیگ کو پاکستان کی باشعور عوام مکمل طور پر مسترد کر ے گی۔ انہوں نے کہا کرپٹ عناصر کی محض نااہلی کافی نہیں بلکہ ان سے قومی کی لوٹی ہوئی دولت بھی واپس لی جانی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 689835
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش