0
Saturday 16 Dec 2017 10:31

سانحہ آرمی پبلک سکول کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے

سانحہ آرمی پبلک سکول کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے
اسلام ٹائمز۔ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج پشاور پر دہشت گرد حملے کو 3 برس بیت گئے ہیں۔ سانحے میں شہید ہونے والے طلباء اور اساتذہ کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے۔ تیسری برسی کے موقع پر آرمی پبلک اسکول میں خصوصی مرکزی تقریب کے انعقاد کے علاوہ پبلک لائبریری کے پہلو میں تعمیر کردہ یادگار شہداء کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہدائے آرمی پبلک سکول کی برسی کے سلسلے میں خیبر روڈ پر شہداء کی تصاویر سجائی گئی ہیں جبکہ آرمی پبلک سکول اور آرکائیوز لائبریری میں منعقد ہونے والی تقاریب میں اہم شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں سانحہ آرمی پبلک سکول کی تیسری برسی کے موقع پر ایک بار پھر دہشت گردی خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول کا واقعہ ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو ان کے علمی گہوارے کے اندر بے دردی سے قتل کیا اور ایک مکتب کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا۔

سانحہ اے پی ایس پشاور کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلٰی نے کہا کہ اس دلخراش واقع کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے حکومتی، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا اس پر سختی سے عمل شروع کیا جبکہ دہشت گردی کے مقدمات فوری نمٹانے کیلئے فوجی عدالتیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گواہ ہے کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں قوم کے دیگر سپوتوں کی طرح ہمارے نونہالوں نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ ان کے جگر گوشے اسکول تو گئے مگر واپس گھر نہ آئے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے آرکائیوز لائبریری پشاور میں شہداء سے منسوب یادگار اور تصاویر ہمیں وطن کے ننھے جان نثاروں کی یاد ہمیشہ دلاتی رہیں گی۔ واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ پشاور کے اندر قتل عام کرتے ہوئے اسکول کے طلباء اور پرنسپل طاہرہ قاضی سمیت 150 سے زائد افراد کو مار ڈالا تھا۔
خبر کا کوڈ : 690289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش