QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل آزادی قدس قومی سیمینار منعقد کریگی، تمام جماعتوں کے قائدین شرکت کرینگے

مسئلہ مشرقی و مغربی یروشلم کی حیثیت کا نہیں، آزادی فلسطین کا ہے، ثاقب اکبر

16 Dec 2017 15:07

اسلام آباد میں آزادی قدس قومی کانفرنس کیلئے بلائے گئے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے اسرائیلی وزیراعظم کے ٹیلی گرام کے جواب میں لکھا کہ جب تک ایک بھی مسلمان زندہ ہے، ہم اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم نہیں کرہمگے۔ تاہم آج حکومت پاکستان قائداعظم کے اس اصولی موقف سے پیچھے ہٹ چکی ہے اور حکومتی ترجمان دو ریاستی حل کے نظریئے کی وکالت کر رہے ہیں، جو اسرائیل کی ناجائز ریاست کو جائز تسلیم کرنیکے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیل فلسطینی ریاست پر مسلط کردہ ریاست ہے، جس میں یہودیوں کو دنیا بھر سے لا کر آباد کیا گیا ہے۔ اس آبادکاری کے نتیجے میں در بدر ہونے والے فلسطینی آج بھی مہاجروں کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے آزادی قدس قومی کانفرنس کے لئے بلائے گئے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بانیوں نے ابتداء سے اس مسئلہ کی اہمیت کی جانب توجہ دلائی۔ علامہ محمد اقبال اور قائداعظم نے اپنے متعدد خطابات اور پیغامات میں فلسطین کی سرزمین پر صہیونی ریاست کے قیام کی سازشوں کے خلاف آواز اٹھائی اور اس حوالے سے برطانوی اور صہیونی منصوبوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ ثاقب اکبر نے کہا کہ قائداعظم نے اسرائیلی وزیراعظم کے ٹیلی گرام کے جواب میں لکھا کہ جب تک ایک بھی مسلمان زندہ ہے، ہم اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم نہیں کریں گے۔ تاہم آج حکومت پاکستان قائداعظم کے اس اصولی موقف سے پیچھے ہٹ چکی ہے اور حکومتی ترجمان دو ریاستی حل کے نظریئے کی وکالت کر رہے ہیں، جو اسرائیل کی ناجائز ریاست کو جائز تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حال میں منعقدہ او آئی سی کے ہنگامی سربراہی اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے اعلامیہ میں بھی دو ریاستی حل کی بات کی گئی، جو امت مسلمہ کو کسی صورت قبول نہیں۔ اسرائیل ایک ناجائز اور قابض ریاست ہے۔ مسئلہ مشرقی و مغربی یروشلم کی حیثیت کا نہیں، آزادی فلسطین کا ہے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ قدس الشریف کے مسئلہ کو تسلسل کے ساتھ اٹھایا جانا چاہیے۔ اتحاد علماء پاکستان کے نائب صدر مولانا عبد الجلیل نقشبندی نے کہا کہ قدس کے حوالے سے زبانی جمع خرچ سے کام لیا گیا ہے، عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان نے امریکی ظلم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ تحریک جوانان پاکستان کے مرکزی راہنما مولانا عمران سندھو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایک بھی مسلمان زندہ ہے، ہم یروشلم پر فلسطینیوں کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر سید عارف شیرازی نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ کے اراکین کو اس مسئلہ کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے، کیونکہ بیشتر اراکین اس مسئلے کی تفصیلات سے آگاہ نہیں ہیں۔ اسی طرح غیر ملکی سفارت کاروں سے بھی ملاقات کرنا چاہیے اور قدس کے حوالے سے پاکستانی قوم کے جذبات سے آگاہ کرنا چاہیے۔ ملی یکجہتی کونسل کے مشاورتی اجلاس میں آزادی قدس قومی سیمینار کے انتظامی امور بھی زیر بحث آئے۔ یادر ہے کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان بیس دسمبر کو اسلام آباد میں آزادی قدس قومی کانفرنس منعقد کر رہی ہے، جس میں کونسل کے مرکزی قائدین کے علاوہ دیگر جماعتوں کے راہنما اور سول سوسائٹی کے اہم اراکین اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اجلاس میں آزادی قدس سیمینار کے علاوہ ایک عظیم الشان کل جماعتی مارچ کی بھی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں کونسل کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل نذیر جنجوعہ، جمعیت علمائے پاکستان کے سینیئر نائب صدر سید ذوالفقار علی شاہ، جماعت اسلامی اسلام آباد کے نائب امیر ملک عبدالعزیز ، مجلس وحدت مسلمین کے راہنما سید محمد حسین شیرازی، جمعیت اہل حدیث کے راہنما مولانا عمر فاروق، تنظیم اسلامی کے راہنما راجہ محمد اصغر، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے راہنما مفتی امیر زیب، جماعت الدعوۃ کے راہنما مولانا عبدالرحمن اور دیگر نے بھی شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 690376

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/690376/مسئلہ-مشرقی-مغربی-یروشلم-کی-حیثیت-کا-نہیں-آزادی-فلسطین-ہے-ثاقب-اکبر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org