0
Saturday 16 Dec 2017 18:23

مسلم لیگ (ن) ووٹ کی نہیں بلکہ عوامی خدمت کی سیاست کرتی ہے، وزیراعظم

مسلم لیگ (ن) ووٹ کی نہیں بلکہ عوامی خدمت کی سیاست کرتی ہے، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف باتیں نہیں کرتی بلکہ پاکستان میں ترقیاتی کام کرتی ہے جبکہ یہ ملک میں ووٹوں کی نہیں بلکہ عوامی خدمت کی سیاست کرتی ہے۔ انہوں نے حکومتی کارکردگی کو سہراتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے موجودہ دورِ اقتدار میں جتنے منصوبے لگائے ہیں اتنے منصوبے 2000ء سے 2013ء تک نہیں لگائے گئے۔ کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان میں جتنی ترقی ہوئی ہے اتنی پاکستان میں کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک میں گشتہ 17 سالوں میں 2000ء سے 2008ء تک فوجی آمر کی حکومت رہی اس کے پاس وسائل بھی موجود تھے لیکن ملک میں ترقیاتی منصوبے نہیں لگائے گئے، اس کے علاوہ 5 سال تک پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت رہی اور تب بھی پاکستان میں نمایاں ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ وزیراعظم پاکستان نے الیکشن 2018ء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اپنی اس کارکردگی کے ساتھ ہی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں سے کبھی کسی کو گالی نہیں دی گئی اور نہ ہی کبھی کسی کی برائی کی گئی۔ وفاق کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج ملک میں فاٹا اور خیبر پختونخوا انضمام کے حوالے سے بڑے بڑے جلسوں میں بات کی جاتی ہے لیکن اس معاملے کو سب سے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی اٹھایا تھا اور اسے مسلم لیگ (ن) کی ہی حکومت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کا نظام ایک صدی پرانا ہے جسے سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا اور حکمران جماعت اس نظام کو ختم کرکے فاٹا کو پاکستان میں ضم کر دیگی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی سکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے، پورا پاکستان محفوظ ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول سانحے کو آج 3 سال گزر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج نے مل کر دہشت گردی سے مقابلہ کیا اور ملک کو اس لعنت سے پاک کیا اور بچی کچی دہشت گردی کو بھی ملک سے ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس وقت بڑی تعداد میں منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے جو چھوٹے نہیں بلکہ بڑے منصوبے ہیں۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کوہاٹ میں لڑکیوں کی یونیورسٹی کا جو افتتاح کیا گیا ہے وہ اس علاقے کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 690413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے