0
Monday 18 Dec 2017 13:06

پاکستان میں دہشتگردی امریکا اور مغرب کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہوئی ہے، ناصر جنجوعہ

پاکستان میں دہشتگردی امریکا اور مغرب کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہوئی ہے، ناصر جنجوعہ
اسلام ٹائمز۔ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی امریکااور مغرب کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہوئی ہے، چین اور روس سے مقابلے کیلئے امریکہ خطے کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل سیکیورٹی پالیسی سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بھارت کشمیر پر ایک ہی موقف رکھتے ہیں، بھارت ہتھیاروں کا ذخیرہ جمع کر رہا ہے جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کی سلامتی دباو میں ہے، انہوں نے کہا کہ خطے میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف سرد جنگ شروع کر رکھی ہے اور مستقل طور پر روائتی جنگ کی دھمکی بھی دے رہا ہے، امریکہ بھارت کی زبان بول رہا ہے اور سی پیک کی بھی مخالفت کر رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ دنیا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھتی، امریکہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک اور طالبان کا ساتھ دینے کا الزام لگاتا ہے جبکہ افغانستان میں شکست کا الزام بھی پاکستان پر لگاتا ہے، افغانستان میں گزشتہ 40 سال سے امن و امان کی صورتحال خراب ہے لیکن الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم ڈبل گیم کرتے، پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کی مدد کا الزام لگایا جاتا، اگر ہم مدد کرتے تو حقانی پاکستان میں حملے کیوں کرتے، ہم نے ساٹھ ہزار جانیں دی ہیں، افغانستان میں طالبان مزید مضبوط ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے امریکہ دباو کا شکار ہے، اصل میں امریکہ افغانستان میں ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے۔

ناصر جنوعہ کا کہنا تھا کہ امریکہ خطے میں چین کے اثر و رسوخ کو کم کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کو سنگین دھمکیاں دی گئی ہیں، بھارت کو پاکستان پر ترجیح دی گئی اور افغانستان میں کردار دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے نیوکلئیر پروگرام کو خطرہ قرار دیا گیا، مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دشمن کےخطرناک عزائم کو شکست دی ہے، بلوچستان کے حالات میں بھی بہتری آئی ہے، آج شرپسند عناصر ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ آج جیوے جیوے بلوچستان کے ساتھ جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگ رہے ہیں، لوگ ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا اور آج حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 690764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش