QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے کامیاب ہوگی، بلاول بھٹو

18 Dec 2017 23:21

بلاول ہاؤس کراچی میں پارٹی اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارٹی کی بڑھتی مقبولیت اور حالیہ عظیم الشان جلسوں نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، پیپلز پارٹی ملک کی واحد قومی پارٹی ہے، جس کی جڑیں ملک کے ہر علاقے میں موجود ہیں، جبکہ دیگر تمام جماعتیں علاقائی یا بلبلے پارٹیاں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 27 دسمبر 2017ء کو گڑھی خدا بخش میں شہید بینظیر بھٹو کی ہونے والی دسویں برسی میں ملک بھر سے کارکنان، جیالے اور عوام لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس کراچی میں بلال بھٹو زرداری کے زیر صدارت پارٹی اجلاس ہوا، اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں نے بینظیر بھٹو کی دسویں برسی کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں قائدِ حزب اختلاف سید خورشید شاہ، فریال تالپور، سید قائم علی شاہ، نثار کھڑو، مراد علی شاہ، مولا بخش چانڈیو، وقار مہدی اور سعید غنی نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے ہدایات دی کہ جلسہ گاہ کے مقام پر کشادہ اور اضافی انتظامات کئے جائیں، تاکہ ملک کے طول و عرض سے آنے والے لوگوں کو اس دوران کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پارٹی کی بڑھتی مقبولیت اور حالیہ عظیم الشان جلسوں نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، پیپلز پارٹی ملک کی واحد قومی پارٹی ہے، جس کی جڑیں ملک کے ہر علاقے میں موجود ہیں، جبکہ دیگر تمام جماعتیں علاقائی یا بلبلے پارٹیاں ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے کامیاب ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 690880

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/690880/پیپلز-پارٹی-آئندہ-عام-انتخابات-میں-ملک-بھر-سے-کامیاب-ہوگی-بلاول-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org