QR CodeQR Code

کے پی، بھٹہ خشت مزدوروں کی درجہ بندی، کم سے کم اجرت 15 ہزار روپے مقرر کرنیکا اعلان

19 Dec 2017 12:00

اعلامیہ کا اجراء خیبر پی کے فیکٹری ایکٹ 2013ء اور دیگر لیبر قوانین جو عمومی طور پر لاگو ہے کے تحت کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کم از کم اجرت کے نفاذ، مزدوروں کا یومیہ 8 گھنٹے کام اور مہینے میں 26 ایام کام کے بارے میں عملی طور پر نفاذ یقینی بنائیں۔


اسلام ٹائمز۔ کم از کم اجرت کا تعین کرنے کیلئے قائم خیبر پختونخوا بورڈ نے صوبہ بھر میں بھٹہ خشت میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے کم از کم اجرت کی منظوری دیدی۔ چیف سیکرٹری محمد اعظم خان نے صوبہ بھر کے خشت بھٹوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اجرت کی فراہمی کے سلسلے میں حائل مسائل کا سدباب کرنے کی غرض سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ بھٹوں میں کام کرنے والے مختلف درجات یعنی ہنر یافتہ، کم ہنر یافتہ اور غیر ہنر یافتہ مزدوروں کیلئے کم از کم اجرت کے تعین کی منظوری دیں۔ اس سلسلے میں کم از کم اجرت کا تعین کرنے کیلئے قائم کردہ مینیمم ویجز بورڈ خیبر پختونخوا نے فوری طور پر اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت بھٹوں میں مختلف نوعیت کے کام کرنے والے مزدوروں جس میں ہیڈ منشی اور اکاؤنٹنٹ کیلئے 16 ہزار، منشی، کلرک اور کیشئر کیلئے 15500 روپے، مستری 16000، جالی والا 15400، کوئلہ بان 15200، اینٹیں بنانے والا 15300، ٹیوب ویل آپریٹر 15300، ماشکی 15200، ناظر 15200 اور باورچی کیلئے 15000 اجرت شامل ہے، جبکہ صفائی والے کو 1 ہزار اینٹیں بنانے کے عوض 40 روپے، بھرائی والے کو 43 روپے، اینٹیں نکالنے والے کو 128 روپے، ریتی کو 23 روپے، تپیڑہ قالب کو 750، تپیڑہ سانچہ والے کو 800، چوکہ گلدار کو 1000 روپے اور ریڑھی والے کو 238 روپے یومیہ دہاڑی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کسی بھی مزدور سے جنس، رنگ، مذہب و نسل، صنف، فرقہ یا سیاسی وابستگی سے بالاتر اجرت کی فراہمی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اعلامیہ کا اجراء خیبر پختونخوا فیکٹری ایکٹ 2013ء اور دیگر لیبر قوانین جو عمومی طور پر لاگو ہے کے تحت کیا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کم از کم اجرت کے نفاذ، مزدوروں کا یومیہ 8 گھنٹے کام اور مہینے میں 26 ایام کام کے بارے میں عملی طور پر نفاذ یقینی بنائیں، مذکورہ صنعت میں کام کرنیوالے سینئر اور تجربہ کار مزدوروں کو زیادہ مراعات دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 690995

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/690995/کے-پی-بھٹہ-خشت-مزدوروں-کی-درجہ-بندی-کم-سے-اجرت-15-ہزار-روپے-مقرر-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org