0
Tuesday 19 Dec 2017 13:21

لیڈر وہ ہوتا ہے جو آپ کے حلقے میں جلسہ کرے اور آپ کو سیٹ جتوا دے، شاہد خاقان عباسی

لیڈر وہ ہوتا ہے جو آپ کے حلقے میں جلسہ کرے اور آپ کو سیٹ جتوا دے، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی طاقت اسمبلیاں توڑنے پر مجبور نہیں کرسکتی، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت مدت پوری کرے گی اور الیکشن مقررہ وقت پر 15 جولائی کو ہی ہوں گے، تاہم حلقہ بندیوں کا بل منظور ہو جانا چاہیے، اگر منظور نہیں بھی ہوتا تو پرانی حلقہ بندیوں پر ہی الیکشن کرادیے جائیں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے پر حکومت غافل نہیں ہے، معاہدے پر ہماری پوزیشن مضبوط ہے، مشترکہ مفادات کونسل کے4 اجلاس ہوچکے ہیں، جن میں صوبوں کے معاملات زیر بحث آئے۔ اس سوال پر کہ نواز شریف عدلیہ پر تنقید کر رہے ہیں، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو اظہار رائے کا حق ہے، تاہم کوئی بھی آئین کے خلاف کام کرے گا، تو میں اس کے خلاف کارروائی کروں گا، نواز شریف میرے قائد ہیں اور وہ ایک سیاسی حقیقت ہیں، انھوں نے آج تک حکومتی امور پر مجھے کوئی مشورہ نہیں دیا، جب میں محسوس کرتا ہوں تو مشورے کیلیے ان سے خود رابطہ کرتا ہوں۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو آپ کے حلقے میں جلسہ کرے اور آپ کو سیٹ جتوا دے، قائداعظم اور لیاقت علی خان کے بعد پاکستان میں ذوالفقار بھٹو، نوازشریف، بے نظیر بھٹو اور عمران خان صرف 4 ہی ایسے لیڈر پیدا ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ زرداری کا منفی ووٹ ہے، پیپلز پارٹی کے امیدوار اپنے انتخابی بینرز پر بھٹو اور بے نظیر کی تصویر تو لگا لیتے ہیں، لیکن زرداری کی نہیں لگاتے، کیونکہ انھیں معلوم ہے اس کا فائدہ نہیں الٹا نقصان ہوگا، ہم اگلا الیکشن کارکردگی اور اپنے ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر لڑیں گے، جبکہ پیپلزپارٹی ہمارے مقابلے میں ایک بھی ایسا ترقیاتی منصوبہ پیش نہیں کرسکتی۔ شاہد خاقان عباسی کہا کہ وزرا کو اداروں کے خلاف بیان بازی نہیں کرنا چاہیے، غیر یقینی سیاسی صورتحال سے چند ماہ کے دوران اقتصادی حالات خراب ہوئے ہیں۔ ایک سوال پروزیراعظم نے اس تاثرکو غلط قرار دیا کہ انھوں نے مقامی و علاقائی اخبارات کیلیے اشتہارات کا25 فیصد مخصوص کوٹا ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تاثر ہرگز درست نہیں ہے اور انھوں نے سرکاری اشتہارات کی تقسیم میں علاقائی اخبارات کو25 فیصد کوٹا دینے کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 691012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش