QR CodeQR Code

بیت المقدس کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، ثروت اعجاز قادری

20 Dec 2017 22:20

لاڑکانہ میں میلاد مصطفیٰ و دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ امریکی فیصلے کیخلاف سلامتی کونسل میں ووٹنگ سے قبل امریکا نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں، جو خطرناک اور تشویشناک ہے، اقوام متحدہ فوری نوٹس لیں، دنیا کے ممالک کو آنکھیں دیکھا کر حق کو نہیں دبایا جا سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بیت المقدس پر امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف سلامتی کونسل میں ووٹنگ سے قبل امریکا نے دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں، جو خطرناک اور تشویشناک عمل ہے، اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں فوری نوٹس لیں، دنیا کے ممالک کو آنکھیں دیکھا کر حق کو نہیں دبایا جا سکتا، امریکا کے خطرناک عزائم تیسری عالمی جنگ کا اشارہ دے رہے ہیں، اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ خصوصی نکی ہیلے کی دھمکی آمیز ٹوئٹ پر عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں میلاد مصطفیٰ و دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیر فرحان شاہ راشدی، پیر زین العابدین شاہ، مولانا پیر حافظ محمد سخی مشوری شریف، مولانا سید شجاع الحق ہاشمی، پی ایس ٹی سندھ کے صدر نور احمد قاسمی، صوبائی رہنما علی نواز قاسمی و دیگر بھی موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بیت المقدس اسلام کی مقدس نشانی ہے، اس کے تحفظ کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کرینگے، ترکی کے طیب اردگان کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں کی بیت المقدس کے تحفظ کے حوالے سے ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے جارحانہ انداز سے دنیا پر خوف کے بادل منڈلا رہے ہیں، کسی کی دھونس دھمکی میں آنے والے نہیں، بیت المقدس کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 691394

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/691394/بیت-المقدس-کے-تحفظ-کیلئے-کسی-قربانی-سے-دریغ-نہیں-کرینگے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org