0
Wednesday 20 Dec 2017 22:33

کراچی، چھینے ہوئے آئی فون ہیک کرکے ان لاک کرنیوالا گروہ گرفتار

کراچی، چھینے ہوئے آئی فون ہیک کرکے ان لاک کرنیوالا گروہ گرفتار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کورنگی سے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جو چھینے ہوئے آئی فون کو ہیک کرکے کھولنے کے جرائم میں ملوث ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسمارٹ فون کی دنیا میں آئی فون کو محفوظ ترین فون سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اسے کوئی بھی شخص آسانی سے ان لاک نہیں کر سکتا، کیونکہ موبائل کھولنے کیلئے ایپل آئی ڈی درکار ہوتی ہے۔ سی پی ایل سی کورنگی اور محکمہ پولیس کو ایسے گینگ کی اطلاع موصول ہوئی، جو چوری کئے ہوئے موبائل فون کو ہیک کرکے ان لاک کرنے کے غیر قانونی دھندے میں ملوث تھا۔ ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی کے مطابق چوری اور چھینے ہوئے موبائل فون ان لاک کرنے کی شکایات موصول ہوئیں، تو ابتدائی طور پر مارکیٹوں سے معلومات حاصل کی گئیں، بعد ازاں پولیس اور سی پی ایل سی نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا، جو آئی فون سمیت دیگر اسمارٹ فونز کو ان لاک کرکے مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے، ملزمان فون ان لاک کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، وہ چھینے ہوئے موبائل اپنے بنائے ہوئے سافٹ ویئر سے ان لاک کرتے تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سافٹ ویئر انجینئر سمیت تین افراد کو گرفتار کرکے چوری شدہ موبائل اور سافٹ ویئر بھی برآمد کرلیا، جبکہ حراست میں لئے جانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 691398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش