QR CodeQR Code

مالی سال 2018،19 کا وفاقی بجٹ مئی میں پیش کیا جائیگا، سرکلر جاری

20 Dec 2017 22:47

وزارت خزانہ نے آئندہ بجٹ کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے، مالی سال 2018،19 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کا وقت اہم ہے، کیونکہ قومی اسمبلی اپنی 5 سالہ مدت 31 مئی 2018ء کو مکمل کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مالی سال 2018،19 کا وفاقی بجٹ مئی میں پیش کیا جائے گا، وفاقی وزارت خزانہ نے وفاقی بجٹ 2018ء کا سرکلر جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے آئندہ بجٹ کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے، سرکلر کے مطابق وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے تخمینے بھی مانگ لئے ہیں، وزارت خزانہ نے تین سال وسط مدتی پالیسی 2018،21 کے تخمینے بھی مانگ لئے۔ سرکلر کے مطابق ترجیحی کمیٹیوں کے اجلاس اپریل کے پہلے ہفتے میں ہوں گے، سالانہ منصوبہ بندی و ترقی کمیٹی کا اجلاس اپریل کے وسط میں ہوگا، جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اپریل کے آخری ہفتے میں ہوگا۔ وزارت خزانہ نے ترقیاتی بجٹ کے تخمینہ جات 14 مارچ تک طلب کرلئے اور رواں مالی سال کے نظر ثانی شدہ اہداف بھی مانگ لئے۔ اعلامئے کے مطابق تمام محکموں کو اپریل 2018ء کے آخر تک بجٹ تجاویز وزارت خزانہ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فنانس ڈویژن تمام بجٹ دستاویز، شیڈولز اور سمریاں اپریل تک کابینہ کو پیش کر دے گی۔ وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2018،19 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کا وقت اہم ہے، کیونکہ قومی اسمبلی اپنی 5 سالہ مدت 31 مئی 2018ء کو مکمل کر رہی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق بجٹ اسٹریٹیجی پیپر کابینہ کو منظوری کیلئے فروری میں پیش کیا جائے گا، جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اپریل میں منعقد کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈار کے میڈیکل چھٹیوں پر ہونے کی وجہ سے اس وقت وزارت خزانہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے۔


خبر کا کوڈ: 691401

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/691401/مالی-سال-2018-19-کا-وفاقی-بجٹ-مئی-میں-پیش-کیا-جائیگا-سرکلر-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org