0
Thursday 21 Dec 2017 15:21

پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دیگا، دفتر خارجہ

پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دیگا، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ آزادی کی کوئی قیمت نہیں ہوتی اور پاکستان اقوام متحدہ میں مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے میں اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا۔ اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کی قومی سلامتی پالیسی میں الزامات کو مسترد کرتا ہے، امریکی الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، جس کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف گراں قدر قربانیاں دیں اور دہشتگردوں کےخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے جنرل اسمبلی میں مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے مخالفت میں ووٹ ڈالنے والے ممالک کو پیشگی دھمکی دی ہے، جو جمہوریت کی توہین ہے، پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اصول کی بنیاد پر ووٹ دے گا، آزادی کی کوئی قیمت نہیں، پاکستان مقبوضہ بیت المقدس پر اسلامی تعاون تنظیم کے اعلامیہ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور رواں ہفتے بھی وادی میں 3 بےگناہ کشمیریوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا، سینکڑوں شہری زخمی ہیں جبکہ حریت رہنماؤں کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حریت رہنما شبیر شاہ کو گرفتار کرنا اور انہیں غیر محفوظ جیل میں رکھنا سراسر زیادتی ہے، ہم نے شبیر شاہ کی جیل سے منتقلی کے لئے متعدد درخواستیں بھی دیں لیکن کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، عالمی برادری حریت رہنما کی رہائی کے لئے آواز اٹھائے۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی پھانسی پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ کو اسلام آباد کا ویزہ جاری کر دیا گیا ہے اور وہ دونوں فضائی سفر کے ذریعے پاکستان آئیں گی جبکہ ملاقات دفتر خارجہ میں ہوگی۔ کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ کو میڈیا سے بات کرنے کی آزادی ہوگی، وہ میڈیا پر اپنا موقف دے سکیں گی۔
خبر کا کوڈ : 691512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش