0
Sunday 1 May 2011 19:03

ایم کیو ایم والے پرانے اتحادی ہیں جب چاہیے کابینہ میں آسکتے ہیں، یوسف رضا گیلانی

ایم کیو ایم والے پرانے اتحادی ہیں جب چاہیے کابینہ میں آسکتے ہیں، یوسف رضا گیلانی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے ک سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے متحدہ کی کابینہ میں شمولیت سے متعلق الطاف حسین سے رابطہ کر لیا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے رابطہ کمیٹی سے رائے طلب کرلی۔ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما عظیم طارق کی برسی اور لیاقت قریشی کے سوئم کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وزیر اعظم گیلانی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو فون کیا ہے اور انہیں کابینہ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ جمہوریت کیلئے متحدہ نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وجہ سے ہی متحدہ نے موجودہ حکومت کی غیر مشروط حمایت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ وزیراعظم کے فارمولے کو دیکھ کریں گے۔
ادھر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہےکہ نواز لیگ نے اتحاد سے خود معذرت کی، ایم کیو ایم والے پرانے اتحادی ہیں جب چاہیے کابینہ میں آسکتے ہیں۔ اتوار کو وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون کیا اور متحدہ کے رہنما لیاقت قریشی کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ الطاف حسین نے وزیراعظم یوسف ر ضا گیلانی کو بتایا کہ لیاقت قریشی شہید ایم کیو ایم کے سینئر رہنما تھے اور کڑے وقتوں کے ثابت قدم ساتھی تھے۔ انہوں نے وزیراعظم کو ایم کیو ایم کے کارکنوں کے بہیمانہ قتل کے واقعات پر اپنی تشویش اور کارکنان و عوام میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے الطاف حسین سے کہا کہ اگرچہ یہ موقع نہیں ہے لیکن ملک کے حالات کو بہتر کرنے اور سیاسی استحکام کی خاطر ہماری خواہش ہے کہ ایم کیو ایم کے ارکان دوبارہ وفاقی کابینہ میں شمولیت اختیار کریں تاکہ ہم مل جل کر عوام کی خدمت کریں۔
بعدازاں لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئین کی محافظ ہے، نائب وزیراعظم کے عہدے کی گنجائش ہوئی تو دیکھیں گے، چودھری شجاعت حسین، اور پرویز الہٰی سے حکومت سازی کے حوالے سے بات ہوئی ہے، ایم کیو ایم جب چاہے کابینہ میں آسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ موجودہ اتحاد کو آئی جے آئی طرز کا قرار دینا مناسب نہیں، مولانا فضل الرحمن بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وہ ہمارے ساتھ شریک اقتدار ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ پاراچنار کے راستے کھولنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے، ہر قبیلہ اپنی حدود کی حفاظت کا خود ذمہ دار ہو گا اور بیس کلومیٹر کے علاقے میں فوج تعینات کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 69165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش