0
Friday 22 Dec 2017 21:15

اقوام عالم میں امریکی تنہائی نے ثابت کردیا کہ وہ اسرائیل کے معاملے پر تنہا ہے، علامہ ناصر عباس

اقوام عالم میں امریکی تنہائی نے ثابت کردیا کہ وہ اسرائیل کے معاملے پر تنہا ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ القدس پر امریکی فیصلے کو اقوام متحدہ نے مسترد کر کے یہ باور کرایا ہے کہ اقوام عالم امریکہ کی غلام نہیں بلکہ اپنے فیصلوں میں خودمختار ہیں۔ امریکہ کے اپنے اتحادی ممالک کی طرف سے بھی امریکی فیصلے کی مخالفت کی گئی جس سے سپرپاور کے زعم میں مبتلا اس ملک کو اپنا اصلی چہرہ نظر آگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا نے یہ واضح کر دیا ہے کہ یروشلم پر اسرائیلی اجارہ داری قطعی قابل قبول نہیں۔ دانشمندی اور بصیرت کا تقاضا یہی ہے کہ امریکہ اس معاملے میں خاموشی اختیار کر لے۔ امریکہ کی طرف سے کسی بھی قسم کی ہٹ دھرمی عالمی امن کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہو گی۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ امریکہ ،اسرائیل اور بھارت مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں۔ کسی بھی معاملے میں ان پر قطعی اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم ممالک کو اپنی مضبوطی کے لیے اپنا ایجنڈا خود تشکیل دینا ہو گا۔ دنیا کی دیگر طاقتوں کے اسلامی ممالک سے تعلقات باہمی مفادات پر مبنی ہیں جو بین الاقوامی ضرورت بھی ہے اور تقاضا بھی تاہم عالمی برادری سے تعلقات کی نوعیت خواہ کچھ بھی ہو مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کی نوعیت ہمیشہ برادرانہ رہتی ہے۔ ہمیں ان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ امت مسلمہ کی سالمت و بقاء کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں قرارداد کی بھرپور حمایت کے بعد بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو امریکہ واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کے اس اصولی موقف کو بلاچوں چراں تسلیم کرنا ہی اخلاقی تقاضہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے متعصبانہ طرز عمل نے متنازع شخصیت بنا دیا ہے۔ اگر وہ اپنی ہٹ دھرمی پر اڑے رہے تو پھر بہت جلد امریکہ کے اندر سے ان کے خلاف تحریکیں شروع ہو جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 691787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش