0
Friday 22 Dec 2017 22:50

کالعدم تنظیمیں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر دہشتگردی کر رہی ہیں، ثروت اعجاز قادری

کالعدم تنظیمیں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر دہشتگردی کر رہی ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی، ترقی و استحکام کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، دہشتگردوں کا تعلق کسی بھی گروہ سے ہو، انہیں بلاتفریق انجام تک پہنچایا جائے، کالعدم تنظیمیں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر دہشتگردی کر رہی ہیں، خیرپور میں میلاد جلوس پر فائرنگ کرنیوالے دہشتگرد پریل شاہ و دیگر کی عدم گرفتاری سوالیہ نشان ہے، قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، حکومت اجازت دے تو سانحہ خیرپور میلاد مصطفیٰ کے دہشتگردوں کو 24 گھنٹوں میں قبر سے بھی نکال لائیں گے، 14 جنوری کو خیرپور میں جلسہ کرینگے، اگر دہشتگردوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، تو اہلسنت کی تنظیمیں مشترکہ طور پر لائحہ عمل طے کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے ضلع خیرپور میں درگاہ دیسو شریف میں جماعت اہلسنت سندھ کے امیر پیر سید سخی سردار علیشاہ جیلانی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیر سید گل احمد شاہ جیلانی، مفتی علامہ ارشد سکندری اور پی ایس ٹی سندھ کے صدر نور احمد قاسمی و دیگر بھی موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کیلئے کوشاں ہے، انشاء اللہ بہت جلد ملک میں غلامان مصطفیٰ ﷺ کا راج ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ میں مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کے خلاف قرارداد کی منظوری حق کی جیت ہے، امریکا نے ہٹ دھرمی نہیں چھوڑی اور اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھی، تو اس کے نتائج کا وہ خود ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ اہلسنت کو 2018ء کے عام انتخابات میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا، ایوانوں میں اہلسنت کو اس کا حق دلانے کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔ اس موقع پر جماعت اہلسنت سندھ کے امیر پیر سید سخی سردار علیشاہ جیلانی نے کہا کہ امن کو فروغ اور معاشی ترقی کیلئے یکجا ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی، مظلوم غریب عوام کو انصاف ملے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفیٰ (ص) کے شہیدوں کے قاتلوں کو یقین دہانیوں کی بجائے عملی طور پر گرفتار کرکے شہداء کے لواحقین کو انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کی دین و ملک کیلئے قربانیاں قابل فخر ہیں، اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کیلئے تمام علماء و مشائخ اہلسنت سے رابطے تیز کرینگے، ہمیں یکجا ہو کر ملک دشمن دہشتگردوں کو شکست اور نئی نسل کے مستقبل کو روشن منانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 691794
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش