0
Sunday 24 Dec 2017 16:42

ڈی آئی خان، شمشان گھاٹ کی عدم موجودگی کے باعث ہندو مردے دفنانے پر مجبور

ڈی آئی خان، شمشان گھاٹ کی عدم موجودگی کے باعث ہندو مردے دفنانے پر مجبور
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کیلئے بجٹ میں 10 کروڑ روپے مختص کئے جانے کے باوجود ڈیرہ اسماعیل خان میں شمشان گھاٹ تعمیر نہ کیا جاسکا۔ ڈی آئی خان میں شمشان گھاٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہندو کمیونٹی اپنے رسومات ادا نہیں کرسکتی اور اپنے میتوں کو جلانے کے بجائے دفنانے پر مجبور ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈ تو منظور کرلیا گیا ہے تاہم اس وقت تک شمشان گھاٹ پر تعمیراتی کام شروع نہ ہوسکا۔ ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ہم نے متعدد بار اپنے مسائل کے حوالے سے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ بات کی لیکن کاغذی کارروائی کے علاوہ کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا، جب ہمارے ہاں کوئی شخص فوت ہوجاتا ہے تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، صاحب حیثیت افراد اپنے میت کو کوہاٹ سے آگے تیراک کے علاقے میں جلانے کیلئے لے جاتے ہیں لیکن غریب لوگ اپنے مردوں کو دفنا دیتے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں شمشان گھاٹ کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلٰی کے معاؤن روی کمار کا کہنا ہے کہ پورے صوبہ میں شمشان گھاٹ تعمیر کرنے پر کام شروع کیا جاچکا ہے۔ شمشان گھاٹوں کا مسئلہ ہم نے اسمبلی میں بھی اٹھایا ہے اور بجٹ میں شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں کےلئے ورزیراعلیٰ نے سالانہ بجٹ میں 10 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔

اس بجٹ میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، ہنگو، نوشہرہ اور پشاور میں شمشان گھاٹ اور 8 قبرستان بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا آخری بجٹ ہے، ہم کو اب تک وزارت خزانہ نے 3 کروڑ روپے جاری کئے ہیں، اس میں اب ہم 4 قبرستانوں اور 2 شمشان گھاٹوں کیلئے اراضی خریدیں گے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع کے مقابلے پشاور میں سکھوں اور ہندوؤں کی آبادی سب سے زیادہ 50 ہزار سے زائد ہیں جنہیں  فوتگی کی صورت میں مشکلات بھی زیادہ درپیش ہیں کیونکہ وہ اپنے مردوں کو جلانے کیلئے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک لے جاتے ہیں۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان 3 کروڑ روپے میں ہم ایک شمان گھاٹ پشاور اور دوسرا ڈیرہ اسماعیل خان میں تعمیر کریں اور بنوں و ہنگو کے شمشان گھاٹ اس وقت پراسس میں ہیں۔ باقی ماندہ 7 کروڑ روپے میں یہاں شمشان گھاٹ اور قبرستان تعمیر کئے جائیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی ہندو کمیونٹی حکومت سے مطالبہ کررہی ہے کہ ان کیلئے شہر میں شمشان گھاٹ جلد سے جلد بنایا جائے تاکہ وہ اپنے مذہبی رسومات آسانی سے ادا کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 692176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش