0
Sunday 24 Dec 2017 21:05

حبدار علی حیدری ایکبار پھر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر منتخب

حبدار علی حیدری ایکبار پھر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 48 واں تین روزہ سالانہ مرکزی کنونشن بعنوان ’’مہدویت محافظ اسلام‘‘ اندرون سندھ کے علاقے بھٹ شاہ میں واقع ثقافتی مرکز میں اختتام پذیر ہوگیا ہے، کنونشن کے آخری روز انتخاب میں حبدار علی حیدری ایکبار پھر مرکزی صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ اے ایس او کے 48 واں سالانہ مرکزی کنونشن 22 تا 24 دسمبر ثقافتی مرکز بھٹ شاہ میں منعقد ہوا، کنونشن کے آخری روز یوم صادقین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس سے امت واحدہ پاکستان کے سربراہ و رکن شوریٰ عالی ایم ڈبلیو ایم علامہ امین شہیدی، علامہ علی بخش سجادی، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی، مرکزی صدر جے ایس او غضنفر جتوئی، استاد اخلاق احمد اخلاق، عبدالرزاق بلوچ، علامہ مختیار علی رضوی نے خطاب کئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ غیبت امام زمانہ (عج) میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم طاغوت کا انکار کرتے ہوئے ہر ظالم سے نفرت کریں اور ہر مظلوم کی حمایت کیلئے میدان عمل میں حاضر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج زمانہ ہم سے یہ تقاضا کر رہا ہے کہ ہم اپنے امام عصر (عج) کے ظہور کی راہ ہموار کرنے کیلئے میدان عمل میں وارد ہوں اور اپنی اپنی ذمہ داری کو ادا کریں، تاکہ دنیا بھر کے مظلومین کی دادرسی کی جا سکے۔

علامہ علی بخش سجادی نے کہا کہ نظام امامت و ولایت ظلمت اور تاریکی میں نور کی کرن ہے، آج دنیا میں جاری ظلم و بربریت کے ماحول میں عالم انسانیت کیلئے اگر کہیں کوئی روشنی اور امید کی کرن ہے، تو وہ نظام ولایت و امامت ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاق اور کردار کے دیوالیہ پن میں جہاں سرعام ضمیر بک رہے ہوں اور دین کے ٹھیکیدار ریال و ڈالر کے بدلے اللہ کی آیتوں کا سودا کر رہے ہوں، تو وہاں نظام ولایت ہی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے ہاں شیخ ابراہیم زکزاکی جیسے عظیم اور انمول انسان موجود ہیں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، آج پھر شیطانی طاقتیں دینِ اسلام کو مٹانے کیلئے میدانِ عمل میں آچکی ہیں، عالمی سامراجی قوتوں نے داعشی دہشتگردوں کے ذریعے دینِ مقدس اسلام کی حقیقی تعلیمات کو مسخ کرنے کی ناپاک جسارت کی ہے، امام علیؑ کی سیرت اپنا کر ہم اس دور کے نظام کفر نظام طاغوت کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ یوم صادقین کانفرنس کے اختتام پر بزرگ عالم دین علامہ حیدر علی جوادی نے نئے مرکزی صدر کا اعلان کیا، جس میں اکثریتی رائے سے حبدار علی حیدری ایکبار پھر مرکزی صدر منتخب ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 692232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب