0
Monday 25 Dec 2017 09:54

قائدؒ کے پاکستان میں دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، شہباز شریف

قائدؒ کے پاکستان میں دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کا آزاد وطن کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، آزادی کی طویل جدوجہد میں قائداعظمؒ کی شخصیت روشنی کے ایک بلند مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی پُرامن معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کا خواب تھا، آج ہم قائدؒ کی وجہ سے آزاد قوم کی حیثیت سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، محمد علی جناحؒ کی عظیم قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کے حصول کیلئے تاریخی جدوجہد رنگ لائی، بانی پاکستان قائداعظم ؒ محمد علی جناحؒ ایک بااصول، مدبر اور جرات مند کردار کی حامل شخصیت تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کوئی لالچ اور خوف انہیں اپنے عظیم مقصد سے ہٹا نہ سکا، قائداعظم ؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے، قائد کا پیغام اتحاد، تنظیم اور ایمان آج بھی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظمؒ کے فرموادات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے رہنما اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ قائدؒ کے پاکستان میں دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، وطن عزیز کو دہشتگردی، انتہا پسندی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کھویا ہوا وقار حاصل کرنے کیلئے قائد اعظمؒ کے افکار کی روشنی میں لائحہ عمل ترتیب دے کر آگے بڑھنا ہوگا، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصول اپنانے کی تلقین کی ہے، ہمیں پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کارلانا ہوں گی، آج کے دن ہمیں پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے قائداعظمؒ کے فرمودات کو اپناتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عہد کی تجدید کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 692289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش