0
Wednesday 27 Dec 2017 00:38

عمران خان جانتے ہیں کہ اگر نواز شریف اور شہباز شریف میدان میں رہے تو انہیں موقع نہیں ملے گا، زعیم قادری

عمران خان جانتے ہیں کہ اگر نواز شریف اور شہباز شریف میدان میں رہے تو انہیں موقع نہیں ملے گا، زعیم قادری
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء زعیم قادری کا کہنا ہے کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کرنا چاہ رہے ہیں، کیونکہ وہ ناکام ہو چکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ اگر نواز شریف اور شہباز شریف میدان میں رہے تو انہیں موقع نہیں ملے گا۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایم ایل این کے رہنماء نے پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہاں طاہر القادری اور عمران خان کی مشترکہ پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کےبعد 34 کے قریب پولیس افسران کو ہم نے گرفتار کیا اور ڈھائی سال میں ان کی ضمانتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے افسران اور اہلکاروں نے موقف دیا کہ موقع پر ہونے والی فائرنگ اس وقت کی گئی، جب 38 کے قریب پولیس افسران زخمی ہوئے اور چند پولیس افسران کو یرغمال بنا لیا گیا، اس لیے ہمارے پاس قانونی اور آئینی جواز تھا کہ ہم یرغمال اہلکاروں کو باہر نکالتے۔‘ زعیم قادری کا کہنا تھا کہ ’حکومت پنجاب کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی گئی اور موقع پر موجود ایس پی کا نام بھی ہماری جانب سے جے آئی ٹی میں ڈالا گیا تھا، تاہم انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کروا لی تھی اور کیس اس وقت بھی چل رہا ہے اور ہر ہفتے اس کی دو پیشیاں ہوتی ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان لاشوں پر سیاست کرنا چاہ رہے ہیں، کیونکہ وہ ناکام ہو چکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ اگر نواز شریف اور شہباز شریف میدان میں رہے تو انہیں موقع نہیں ملے گا۔ واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے رواں ماہ 5 دسمبر کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو منظرعام پر لانے اور اسے 30 روز میں شائع کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ طاہر القادری نے پنجاب حکومت کو 31 دسمبر کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ مستعفی ہوجائیں، دوسری صورت میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ عمران خان نے پی اے ٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت ان کا ساتھ دے گی۔ اس حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر کوئی شک نہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قتل عام نواز شریف کے حکم پر ہوا، جس پر عمل درآمد کرانے کا کردار شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ نے نبھایا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے سارے ثبوت عیاں ہیں، کیوں کہ لوگوں کو قتل کیے جانے کی ویڈیوز ٹی وی پر بھی چلیں، اور انہوں نے لوگوں کو قتل ہوتے ہوئے دیکھ کر ہی طاہرالقادری کا ساتھ دیا۔
خبر کا کوڈ : 692751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش