QR CodeQR Code

ایم ایم اے بحال، جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) ایک ہوگئے

27 Dec 2017 13:49

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل صرف بحال نہیں فعال بھی ہوچکی ہے، سیکولر عناصر کو الوداع کہتا ہوں، امریکی ڈالر یا یورو ہمارے اتحاد کو نہیں توڑ سکتے، ہمارا مشن وہی ہے جس کیلئے پاکستان بنایا گیا تھا، پاکستان کے مسائل کا حل اسلام اور شریعت میں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملکی سطح کے بعد صوبائی سطح پر بھی متحدہ مجلس عمل کو بحال کردیا گیا ہے اور اس میں شامل جماعتوں نے آئندہ عام انتخابات میں ملکر حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی نے واضح کردیا کہ جب بھی قیادت نے ہدایت کی 24 گھنٹوں کے اندر حکومتیں چھوڑ دیں گے۔ جے یو آئی (ف) کے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ متحدہ مجلس قوم کیلئے رحمت ہے اور ہم 2018ء کا الیکشن ملکر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر بحال کی گئی اور ہم پوری قوت کے ساتھ 2018ء کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل صرف بحال نہیں فعال بھی ہوچکی ہے۔ سیکولر عناصر کو الوداع کہتا ہوں، امریکی ڈالر یا یورو ہمارے اتحاد کو نہیں توڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن وہی ہے جس کیلئے پاکستان بنایا گیا تھا، پاکستان کے مسائل کا حل اسلام اور شریعت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے سیکولر قیادت پاکستان کے مسئلے حل نہیں کرسکی اور یہ حل صرف اسلامی جماعتوں ہی کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مجلس عمل کی مثال قائم کریں گے۔ 2002ء کی تمام مذہبی جماعتیں ہمارے ساتھ شامل ہیں۔ حکومت کے ساتھ ہمارا اتحاد نہیں یہ صرف مخلوط حکومت ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ سیکولر وہی ہے جو سود کے نظام کو سپورٹ کرتے ہیں، جو فحاشی پھیلانا چاہتے ہیں، جیسے ہی قیادت حکم دے گی ہم 24 گھنٹوں کے اندر حکومت سے الگ ہوجائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 692852

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/692852/ایم-اے-بحال-جماعت-اسلامی-اور-جے-یو-آئی-ف-ایک-ہوگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org