0
Wednesday 27 Dec 2017 14:35

بینظیر بھٹو کی 10 ویں برسی، گڑھی خدا بخش میں تیاریاں مکمل

بینظیر بھٹو کی 10 ویں برسی، گڑھی خدا بخش میں تیاریاں مکمل
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کی آج 10 ویں برسی منائی جارہی ہے اور ملک بھر سے جیالوں کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش میں موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل ہے جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے، مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بینظیر بھٹو پر حملہ کی جگہ پر جیالے پھول چڑھا رہے ہیں تاہم برسی کی مرکزی تقریب ان کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش میں منعقد کی گئی ہے۔ ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں جیالے گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو، نصرت بھٹو، مرتضیٰ بھٹو اور سانحہ کارساز میں جاں بحق افراد کی قبروں پر حاضری دے رہے ہیں۔ گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں اہم سیاسی شخصیات کی موجودگی اور عوام کی کثیر تعداد کے باعث کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

گڑھی خدا بخش اور اطراف میں 6 ہزار 900 پولیس اہلکار تعینات ہیں اور جگہ جگہ سی سی ٹی کیمرے اور واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔ بینظیر بھٹو کی برسی کی مناسبت سے پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش میں تعزیتی جلسہ کیا جارہا ہے، جس سے پیپلز پارٹی کے قائدین خطاب کریں گے۔ جلسے سے قبل نوڈیرو ہاؤس میں پیپلز پارٹی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں بینظیر بھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دہشت گردوں کے حملہ میں جاں بحق ہوگئیں تھیں۔
خبر کا کوڈ : 692860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش