0
Saturday 20 Jun 2009 11:37

دہشت گردی کے خلاف جنگ عالمی تعاون سے ہی جیتی جا سکتی ہے : زرداری

دہشت گردی کے خلاف جنگ عالمی تعاون سے ہی جیتی جا سکتی ہے : زرداری
برسلز: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کی جلد بحالی کا خواہاں ہے، جرمنی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے،صدر آصف علی زرداری نے جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات میں انہیں پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے،وہ شدت پسندی کے خاتمے کے لئے بھرپور کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ جرمنی کی چانسلر نے کہا کہ آئندہ استنبول میں ہونے والی فرینڈز کانفرنس میں پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ جرمنی پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر حکومت پاکستان اور فوج کے کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جرمنی پاکستان اور بھارت میں مذاکرات کے حوالے سے کردار ادا کرے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے لئے خطرہ بننے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ عالمی برادری کے تعاون سے ہی جیتی جا سکتی ہے۔ یورپ کے ساتھ بہتر تجارتی اور معاشی تعلقات چاہتے ہیں،یورپی مارکیٹوں تک پاکستان کی رسائی اور فری ٹریڈ ایگریمنٹس کے لئے جرمنی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،باہمی دلچسپی کے امور،دہشت گردی کے خلاف جنگ،خطے کی صورتحال اور مالاکنڈ آپریشن اور متاثرین کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم،وزیر داخلہ رحمن ملک بھی موجود تھے۔ صدر نے جرمن چانسلر کو سوات میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اور متاثرین کی مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کو جرمنی کے بھرپور تعاون اور امداد کی ضرورت ہے۔ برسلز کے تجارتی علاقے میں واقع ہوٹل میں ناشتے پر ہونے والی ملاقات میں صدر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر نے دوٹوک الفاظ مں کہا کہ اس جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس کے بدلے امداد نہیں بلکہ تجارت کے خواہشمند ہیں۔ مرکل نے پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے لئے جرمنی کے تعاون اور حمایت کا بھی اظہار کیا۔ دریں اثناء صدر آصف علی زرداری روس،برسلز اور جرمنی کا دورہ کرنے کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے ہفتہ کو اعلیٰ سطح کا اجلاس لاڑکانہ کے نوڈیرو ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ صدر کو وزیر اعلیٰ سندھ، حکومت سندھ کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 6929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش