0
Wednesday 27 Dec 2017 18:30

شیروانیاں بنانے والوں کو 2018ء میں شرمندگی ہوگی، وزیراعظم

شیروانیاں بنانے والوں کو 2018ء میں شرمندگی ہوگی، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو لوگ جمہوریت پر شب خون مارنا چاہتے ہیں اور شیروانیاں سلوا کر کسی غیر منتخب حکومت کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہزارہ موٹر وے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی آئندہ برس انتخابات میں کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو دکھائے کہ اس نے صوبہ خیبر پختونخوا میں کتنا کام کیا اور وسائل کہاں خرچ کئے۔ انہوں نے گذشتہ وفاقی حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی قوم کو بتائیں کہ ان کے دورِ حکومت میں پاکستان کے وسائل کہاں خرچ ہوئے۔ پاکستان نے 5 سالوں میں 18 سو کلومیٹر طویل موٹر وے بنائی جو ترقی یافتہ ممالک بھی نہیں بنا سکتے تھے۔ بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کی آزادی سے لیکر 2013ء تک 17 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے تھے لیکن گذشتہ ساڑھے 4 سال کی قلیل مدت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جبکہ 10 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے ابھی بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 2030ء تک بجلی کیلئے خودکفیل بنا دیا ہے، یہ ایسے منصوبے نہیں ہیں جو صرف کاغذوں میں موجود نہیں ہیں بلکہ ان کی ادائیگی بھی کی جاچکی ہے۔

جب حکومت آئی تو ملک میں گیس نہیں تھی، لیکن آج گیس موجود ہے اور کارخانے چل رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ گذشہ دہائی میں پاکستان 10 لاکھ ٹن یوریا درآمد کرتا رہا، لیکن آج ملک 6 لاکھ ٹن یوریا برآمد کررہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف دھرنے دیئے گئے، حکمراں جماعت کو گالیاں دی گئیں، لیکن حکومت نے اپنا کام کرنا تھا جو کرکے دکھایا۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ اخبارات پڑھیں تو لگتا ہے کہ حکومت اگلے روز ختم کردی جائے گی، تاہم حکومت کے خلاف لکھنے والوں سے یکم جون 2018ء کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت پر شب خون مارنا چاہتے ہیں اور شیروانیاں سلوا کر کسی غیر منتخب حکومت کا حصہ بننا چاہتے ہیں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں ترقی کے میدان میں عملی اقدامات کرنے والی حکومت چاہیے یا صرف باتیں کرنے والی حکومت چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مشکور ہیں جنہوں نے ہزارہ موٹر وے منصوبے کیلئے سخت محنت کی اور اسے یقینی بنایا۔ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے چینی سفیر اور چینی کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد کے بغیر یہ منصوبہ اتنی جلدی مکمل نہیں ہوسکتا تھا۔
خبر کا کوڈ : 692914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش